وزیر اطلاعات و نشریات کی وزیر اعظم کو ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ پالیسی پر بریفنگ

وزیر اطلاعات و نشریات کی وزیر اعظم کو ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ پالیسی پر بریفنگ
وزیر اطلاعات و نشریات کی وزیر اعظم کو ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ پالیسی پر بریفنگ
سورس:   Twitter

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز، وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد اور ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے جنرل مینجر عمران غزالی نے ملاقات کی ہے۔

ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق ملاقات کے دوران سینیٹر شبلی فراز نے وزیر اعظم کو وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے تجویز کردہ ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ پالیسی کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان میں فی الوقت 93 ملین انٹرنیٹ صارفین موجود ہیں جبکہ یہ تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اسی رحجان کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ پالیسی ترتیب دینے کی بھی تجویز پیش کی گئی ہے۔فی الحال وفاقی حکومت کی ڈیجیٹل میڈیا ایڈورٹائزمنٹ کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں۔ منظوری کے بعد یہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی پہلی پالیسی ہو گی جس کے تحت وزارت اطلاعات و نشریات کے ذریعے حکومت ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تشہیر کر سکے گی۔

وزیر اعظم کو اس بات سے بھی آگاہ کیا گیا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل میڈیا صنعت تیزی سے پھیل رہی ہے۔  مذکورہ پالیسی کے تحت نہ صرف نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور پبلشرز کی حوصلہ افزائی ہو گی بلکہ پاکستانی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ ڈیجیٹل میڈیا کی توثیق سے کارپوریٹ سیکٹر بھی ڈیجیٹل میڈیا کو بطور اشتہاری مہم استعمال کرنے کی جانب راغب ہو گا۔

ڈیجیٹل میڈیا ڈویلپمنٹ پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈاکٹر ارسلان خالد نے بتایا کہ اس کثیر جہتی پروگرام کے نتیجے میں پاکستانی ڈیجیٹل میڈیا کی ترقی و ترویج اور نچلی سطح تک ڈیجیٹل خواندگی کا فروغ ممکن ہوگا۔ پی ایم ڈی پی طلبہ، حکومت اور ڈیجیٹل میڈیا کے درمیان فاصلے کم کرے گا اور ڈیجیٹل میڈیا کا محفوظ مستقبل یقینی بنائے گا۔

جی ایم عمران غزالی نے وزیراعظم کو ڈیجیٹل میڈیا ونگ کی چھ ماہ کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔ پاکستان میں ڈیجیٹل صنعت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر وزیراعظم عمران خان نے وزارت اطلاعات و نشریات کے کردار کو سراہا۔

مزید :

قومی -