اپنی زندگی پر بننے والی فلم سے کوئی پریشانی نہیں‘پریانکا چوپڑا

اپنی زندگی پر بننے والی فلم سے کوئی پریشانی نہیں‘پریانکا چوپڑا

ممبئی (این این آئی) بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ انھیں اپنی زندگی پر بننے والی فلم سے کوئی پریشانی نہیں ہے لیکن اسے صحیح وقت پر بنایا جانا چاہئے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسیم مرچنٹ پریا نکا کی زندگی پر ایک فلم بنانے جارہے ہیں ۔ کہا جاتاہے کہ اسیم پریا نکا کے ماڈلنگ کے دنوں میں ا ن کے دوست تھے۔ اسیم آخری بار سلمان خان کی فلم وانٹڈ میں ایک چھوٹے سے کردار میں نظر آئے تھے۔ پریا نکا پر بننے والی فلم کے ساتھ وہ فلمسازی کے شعبہ میں قدم رکھیں گے۔ پریا نکا نے کہا کہ اچھا لگا یہ جان کر کہ لوگ میری زندگی پر فلم بنارہے ہیں۔

 لیکن مجھے نہیں لگتا ہے کہ میں اتنی بڑی اداکارہ ہوں کہ کوئی میری زندگی پر فلم بنائے۔ ابھی تو بہت کچھ رہ گیا ہے زندگی میں حاصل کرنے کو اس لئے جب میں بوڑھی ہو جاﺅں اور تب کوئی یہ فلم بنائے تو بہتر ہے۔ فی الحال پریا نکا ہندوستانی باکسر میری کام کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔

مزید : کلچر