آئرلینڈ اور سری لنکا میں دوسر ا ون ڈے آج کھیلا جائے گا

آئرلینڈ اور سری لنکا میں دوسر ا ون ڈے آج کھیلا جائے گا

ڈبلن (سپورٹس ڈیسک) آئرلینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ون ڈے آج ڈبلن میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکن ٹیم نے میزبان ٹیم کو پہلے ایک روزہ میچ میں 79 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔ سری لنکا کی ٹیم اینجیلو میتھیوز کی قیادت کر رہے ہیں۔ سری لنکن ٹیم کو اس دورے کے دوران سینئرز اور تجربہ کار بلے باز مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگاکارا کی خدمات حاصل نہیں ہیں۔ آئی لینڈرز دورے کے دوران آئرلینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے خلاف سیریز کھیلے گی۔ دوسرے اور آخری ون ڈے کے بعد سری لنکن ٹیم انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی، پانچ ایک روزہ اور دو ٹیسٹ کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ آئی لینڈرز انگلش ٹیم کے خلاف سیریز شروع ہونے سے قبل 13 مئی کو ایسکس، 16 مئی کو کینٹ اور 18 مئی کو سسکس کے خلاف ٹور میچز بھی کھیلے گی۔

سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان واحد ٹی ٹونٹی میچ 20 مئی کو اوول میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز 22 مئی سے 3 جون تک کھیلی جائے گی۔ سری لنکا کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز شروع ہونے سے قبل 5 سے 8 جون تک نارتھمٹن شائر کے خلاف چار روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔ سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 جون تک جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 20 سے 24 جون تک کھیلا جائے گا۔

 

مزید : کھیل اور کھلاڑی