محکمہ خواندگی خواتین کو حصولِ تعلیم کی طرف راغب کرنے کیلئے جدید طریقے اپنائے گا، پرویز احمد

محکمہ خواندگی خواتین کو حصولِ تعلیم کی طرف راغب کرنے کیلئے جدید طریقے اپنائے ...

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم جائیکا اور یونیسیف کے تعاون سے بچوں اور خواتین کو حصولِ تعلیم کی طرف زیادہ سے زیادہ راغب کرنے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید طریقے اپنائے گا محکمہ نے اِس ضمن میں ایک جامع "پرپوزل"تیار کرکے متعلقہ ڈونرز ایجنسی کو بھجوا دی ہے۔ اس امر کا انکشاف سیکرٹری محکمہ خواندگی ڈاکٹر پرویز احمد خان کی صدارت میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری ندیم عالم بٹ متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور جائیکا کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے سیکرٹری خواندگی نے اس ضمن میں مزید بتایا کہ ایجوکیشن سافٹ وئیر کے ذریعے تدریسی اُمور میں ملٹی میڈیا، ٹیبلٹ اور موبائل فون سے کام لیا جائے گا اس طرح صوبہ کے پسماندہ علاقوں میں رہائش پذیر ایسے انتہائی غریب طبقات کے بچے، جوان اور خواتین جن کی رسائی ابھی تک سکول اور کتاب تک نہیں اُن کیلئے ایجوکیشن سافٹ وئیر کے ذریعے معیاری تعلیم حاصل کرنے کے مواقع اُن کی دہلیز پر مہیا کیے جائیں گے۔

اُنہوں نے بتایا کہ اِس ٹیکنالوجی کی بدولت خواندگی کے تناسب میں تیز رفتاری سے اضافہ ہو گا اور غریبوں اور محنت کشوں کے اَن پڑھ بچے اور بڑے تعلیم اور ہُنر سیکھ کر معاشرے کے مُفید اور باوقار شہری ثابت ہو ں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4