ہماری جدوجہد اساتذہ کے حقوق کے تحفظ اور تعلیم کی بہتری کےلئے ہے، سجاد اکبر کاظمی

ہماری جدوجہد اساتذہ کے حقوق کے تحفظ اور تعلیم کی بہتری کےلئے ہے، سجاد اکبر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر سید سجاد اکبر کاظمی نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد اساتذہ کے حقوق کے تحفظ اور تعلیم کی بہتری کے لئے ہے۔ اساتذہ کے لئے ٹیچرز پیکیج ، ان سروس پرموشن، رخصت اتفاقیہ و استحقاقیہ ، کی بحالی ، ریشنلائزیشن اور ری ایلوکیشن آف ٹیچنگ پوسٹ پر نظر ثانی ، طلباء غیر حاضری پر اساتذہ کے خلا ف کاروائیوں کے خاتمے، ناقص رزلٹ پر سخت سزاﺅں کا خاتمہ، غیر تدریسی ڈیوٹیوں کے خلاف کنٹریکٹ اساتذہ کی ریگولرائزیشن ، بے جا مانیٹرنگ و غیر مناسب رویہ کے خلاف ، گروپ انشورنس سے میچیورٹی کلیم کی ادائیگی، ترامیم شدہ چار درجاتی فارومولہ پر عمل درآمد کا مطالبہ کرنا اگر جرم ہے تو پنجاب ٹیچرز یونین یہ جرم باربار کرتی رہے گی۔ جن سینئر اساتذہ کو اساتذہ حقوق کی آواز بلند کرنے پر دور دراز ٹرانسفر کیا گیا ہے اُن کا ساتھ نہ دینا بھی غداری ہے۔ کچھ عناصر جو خود بھی اساتذہ حقوق کے علمبردار ہیںآج وہ کس منہ سے احتجاج کی مخالفت کر رہے ہیں۔ یہ وہ ہی مطالبے ہیں جن کےلئے وہ نعرے لگاتے تھے کل اساتذہ انتظامیہ کے منفی ہتھکنڈوں کے باوجود پنجاب اسمبلی کے سامنے ٹیچرز یونین کے دھرنے میں بھر پور شرکت کرینگے۔


 اور بعض عناصر اساتذہ میں اشتعال پیدا کرنے کے لئے منفی ہتھکنڈے اور دہمکی آمیز ایس ایم ایس کرکے اساتذہ کو روکنے کےلئے کوشاں ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے اتنی کم ہے۔ لہذا ہمارا وزیر اعلی پنجاب ، صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری سکولز پنجاب سے مطالبہ ہے کہ ہمارے مطالبات کے لئے کوئی بھاری مالی بجٹ کی ضرورت نہیں۔ ہم اساتذہ کے عزت و وقار کی بحالی چاہتے ہیں اور تعلیمی اصلاحات زمینی حقائق کی بنیاد پر مرتب کرنے کے خواہاں ہیں۔ اور یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ ریشنلائزیشن و ری ایلوکیشن آف ٹیچنگ پوسٹ پالیسی کے جلد بازی کے نفاذ سے کئی مسائل پیدا ہو چکے ہیں۔ اور ہزاروں اساتذہ نے عدلیہ سے رجوع کیا ہے۔اگر مشاورت کے ساتھ اس پر عمل درآمد کیا جاتاتو مسائل پیدا نہ ہوتے اور اساتذہ خصوصاً خواتین اساتذہ ذلیل و خوار نہ ہوتیں۔