ریڈیو پاکستان کو براڈ کاسٹنگ کے جدید تقاضوں کے مطابق مرصع کیاجائےگا، ثمینہ پرویز

ریڈیو پاکستان کو براڈ کاسٹنگ کے جدید تقاضوں کے مطابق مرصع کیاجائےگا، ثمینہ ...

لاہور(پ ر) پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کی ڈائریکٹر جنرل ثمینہ پرویز نے پیکجز میں ایک ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو اب روز مرہ کی زندگی میں جزو اوّل کی حیثیت اختیار کرچکا ہے پرائیویٹ اور کمرشل ریڈیو چینلز کی موجودگی اور مسابقت کے باوجود ریڈیو پاکستان نے اعلیٰ روایات اور رہنما کردار کو برقرار رکھاہے اس سلسلے میں جدیدیت اور نئی طرز نشریات کو بھی ملکی سطح پر متعارف کروانے میں ریڈیو کا اہم کردار رہا ہے ریڈیو پاکستان کے کثیر المقاصد پروگرام اب بھی سب سے زیادہ سنے جاتے ہیں اور ان کا حوالہ بھی دیاجاتا ہے روایتی کرکٹ کمنٹری کو دوبارہ بحال کرنے کےلئے پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیاجارہا ہے ڈی جی ریڈیو ثمینہ پرویز نے کہا کہ سابقہ نامور براڈ کاسٹرز کو دوبارہ ریڈیو کے مائیکروفون پر لارہے ہیں اس سلسلے میں ممتاز براڈ کاسٹر اور عالمی شہرت یافتہ فنکار ضیاءمحی الدین سے رابطہ کیاجارہا ہے۔ پیکجز لمیٹڈ نہایت اہم اور معتبر ادارہ ہے جس نے ریڈیو کی نشریات میں بھی مقبول عام اور معیاری پروگرام پیش کرکے عوامی پسندیدگی کے ریکارڈ قائم کئے ہیں پیکجز لمیٹڈ کی بزنس یونٹ منیجر حنا مقصود نے ثمینہ پرویز ڈی جی ریڈیو پاکستان کو پیکجز میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان اور پیکجزکا تعلق تین دہایوں پر محیط ہے اور یہ تعلق ہمیشہ قائم رہے گا۔ حنا مقصود نے ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان کو بتایا کہ پیکجز تعلقات کا اپنا روایتی سلسلہ آئندہ بھی برقرار رکھے گا اس موقع پر سینئر برینڈ منیجر عمر جاوید نے کہا کہ ریڈیو پاکستان جیسے عظیم ادارے کو ریڈیو کے سامعین کے حوالے سے اعدادوشمار ازسرنو تیار کرنے چاہئیں۔ عمر جاوید نے کہا کہ پیکجزلمیٹڈ ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی ریڈیو پاکستان کے ساتھ عوامی دلچسپی، تعلیم، صحت اور دیگر دوسرے پروگراموں میں اپنا تعاون جاری رکھے گا اسسٹنٹ برینڈ منیجر فضہ اعجاز نے کہا کہ ریڈیو پاکستان سے عوام میں دلچسپی اور پسندیدگی کا جو جذبہ اور شوق ابھی تک قائم ہے اس کے لئے ثمینہ پرویز کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ 

مزید : میٹروپولیٹن 4