بلٹ پروف کنٹینر میں بیٹھنے والے پھر قوم کو مایوس کریں گے،شیر علی گورچانی

بلٹ پروف کنٹینر میں بیٹھنے والے پھر قوم کو مایوس کریں گے،شیر علی گورچانی

لاہور( سپیشل رپورٹر) ڈ پٹی سپیکرپنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے کہا کہ موجودہ ملکی صورت حال میں ملک دشمن قوتیں کچھ ناسمجھ نادان سیاسی رہنماوں کو استعمال کر کے ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں اور ملکی ترقی اور کامیابی کے سفر کو روکنا چاہتی ہیں۔ ہمیں ان قوتوں کو بے نقاب کرنا ہے ۔ہمارے لئے تمام ادارے بہت محترم ہیںاور ہم سب اداروں کا احترام کرتے ہیں۔ کوئی بھی شخص غلطی سے مبرا نہیںلیکن کچھ لوگ اداروں کے تصادم کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں اپنی اپنی جگہ پر ادراوں کا احترام کرنا چاہئے۔ شیروانی پہن کر حلف اٹھانے کا خواب دیکھنے والوں کو پھر مایوسی ہوگی۔ کوئی خفیہ قوت نہیں آئے گی۔بلٹ پروف کنٹینر میں بیٹھنے والے پھر قوم کو مایوس کریں گے۔وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں جمہوریت کا جو سفر جاری ہے وہ انشاءاللہ اپنی مقررہ مدت مکمل کرے گا اور اس کے راستے میں آنے والی روکاوٹیں منتخب نمائندے اور عوام کے تعاون کے ساتھ ناکام بنا دیں گے ۔اور اس سلسے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس گیلری کمیٹی کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں خطاب کے دوران کیا ۔سردار شیر علی خان گورچانی نے سید عدنان فاروق ,میاں اسلم پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری کمیٹی کا صدر و جنرل سیکریٹری منتخب ہونے پرکومبارکباد پیشکرتے ہوئے کہا کہ پریس گیلری کی نو منتخب قیادت ،صحافتی اقدار کی ترویج کے ساتھ ساتھ ملکی استحکام ،قیام امن ،مذہبی رواداری کے فروغ کیلئے بھی اپنا کلیدی کردار ادا کریں اور پاکستان کے نظریاتی تشخص کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں۔ پاکستان کے معزز صحافی برادری نے ہر نازک موڑ پر ملک و قوم کی بھلائی کے لئے ہر طرح کی قربانیاں دیتے ہوئے اپنے فرائض بخوبی سر انجام دیئے۔ تحریک نظام مصطفی ہو ،بحالی جمہوریت کی تحریک ہو یا آزاد عدلیہ کی بحالی کی جنگ ، صحافیوں کے ذکر کے بغیر ان تحریکوں کو رقم نہیں کیا جا سکتا۔ماضی میں ہمارے کئی صحافی بھائیوں نے سچ کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں، میں ان شہیدوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ہمیں اپنے ان تمام صحافی بھائیوں اور بہنوں پر فخر ہے جنہوں نے استحکام پاکستان کے لئے اپنا کردار بخوبی ادا کیا اور اپنے قلم کے ذریعے جہاد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔         

مزید : میٹروپولیٹن 1