آج کم عمر ڈرائیوروں کےخلاف کریک ڈاﺅن کا آغاز کر دیا جائے گا

آج کم عمر ڈرائیوروں کےخلاف کریک ڈاﺅن کا آغاز کر دیا جائے گا

لاہور(کر ائم سیل)چیف ٹریفک آفیسرلاہورسہیل چوہدری نے کہا ہے کہ آج (جمعرات کو)دوپہر 12 بجے سے کم عمر ڈرائیورو کے خلاف کریک ڈاﺅن کا آغاز کر دیا جائے گااور گاڑیاں تھانوں میں بند کر دی جائیں گی۔ کریک ڈاﺅن کی نگرانی ڈی ایس پی صاحبان خود کریں گے ،کسی بھی شہری سے بدتمیزی کی شکایت پر وارڈن کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سی ٹی او کی زیرِ صدارت ایک میٹنگ ہوئی جس میں ایس پی سٹی ، ایس پی صدر، ایس پی ہیڈ کوارٹر اور تمام سرکل افسران موجود تھے۔ سہیل چوہدری نے کہا کہ جمعرات کی دوپہر سے شہر بھر میں ناکہ بندی کر کے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاﺅن کا آغاز کر دیا جائے گا اور خلاف ورزی کی مرتکب گاڑیوں کو تھانوں میں بند کر دیا جائے گا۔ سی ٹی او نے کہا کہ حادثات کی روک تھام اور کمسن ڈرائیورز کی حوصلہ شکنی کے لیے آگاہی مہم چلائی گئی تھی اب بغیر کسی رعایت کے ان کے خلاف کارروائی ہو گی۔ ایس پی صاحبان کی نگرانی میں سرکل افسران پٹرولنگ کو یقینی بناتے ہوئے کریک ڈاﺅن کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے مہذب اور شائستہ رویہ اپنائیں کسی بھی شہری سے بد تمیزی کرنے والے وارڈن کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ شہری مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 0423-1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ سہیل چوہدری نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ حادثات کی روک تھام اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اوراپنے کمسن بچوں کو ڈرائیونگ نہ کرنے دیں۔

مزید : علاقائی