کچھ لوگ انتخابات کے ایک سال بعد سڑکوں پر ہنگامہ آرائی کرنا چاہتے ہیں ،زرداری
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بقاءکی خاطر مئی 2013ءکے انتخابات میں شدید دھاندلی کے باوجود نتائج کو تسلیم کیا اور یہ فیصلہ کیا کہ کسی بھی ہنگامہ آرائی اور سیاسی ایجی ٹیشن کا حصہ نہیں بنے گی جس کا مقصد یا منطقی نتیجہ جمہوریت کے عمل اور اس کے تسلسل کو غیر مستحکم کرے۔ انہوں نے یہ بات دیر کے مقام پارٹی کے کارکن شہید ظاہر شاہ کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی، جن کو گزشتہ سال آج کے روز دہشتگردوں نے حملہ کرکے شہید کیا تھا۔ سابق صدر زرداری کا پیغام ان کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے آج دیر میں اوڈی گرام میں ایک جلسے میں پڑھا۔ آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کچھ لوگ انتخابی نتائج قبول کرنے کے ایک سال بعد سڑکوں پر آکر انتخابی دھاندلی کے خلاف ہنگامہ آرائی کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات میں واضح دھاندلی کے باوجود کسی سیاسی ہنگامہ آرائی کا حصہ نہیں بنے گی۔ آصف علی زرداری نے آفتاب شعبان میرانی کو حلقہ 202 شکارپور سے انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک درجن سے زائد افراد کی زہریلے فضلہ کے نالہ میں گرنے سے اموات پر شدید غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی طلعت مہیسر کے صاحبزادے لاریب مہیسر کی وفات پر سخت رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ سابق صدر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اس غم کے موقع پر ان کی دعائیں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مرحوم کی روح کے ایصالِ ثواب اور غمزدہ خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔