معیاری تعلیم پر غریب بچوں کا اشرفیہ جتنا حق ہے،شہباز شریف

معیاری تعلیم پر غریب بچوں کا اشرفیہ جتنا حق ہے،شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر )وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ برادراسلامی ملک ترکی کے تعاون سے جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں سٹیٹ آف دی آرٹ سکول تعمیر کیاگیا ہے ۔سکول میں مظفرگڑھ اور دیگرقریبی اضلاع کی بچیوں کو معیاری تعلیم مفت فراہم کی جائے گی۔معیاری تعلیم پر جتنا حق اشرافیہ کے بچوں کا ہے اتنا ہی حق غریب اورکم وسیلہ گھرانوں کے بچوں کا بھی ہے۔پنجاب حکومت صوبے اور دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں دانش سکولوں جیسے معیاری تعلیمی ادارے قائم کر کے یہ حق انہیں لوٹا رہی ہے ۔یہ بات انہوں نے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ترکی کے تعاون سے جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں بنائے گئے سکول سے متعلق امور کاجائزہ لیا گیا ۔ اوزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ترکی کے تعاون سے مظفرگڑھ میں بنائے گئے سکول کا نام امینہ اردگان دانش سکول رکھنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ترکی اورپاکستان کے مابین تاریخی ،تہذیبی ،دینی اورثقافتی تعلقات قائم ہیں۔ترکی کے تعاون سے بنایا گیا سکول مظفرگڑھ کے عوام کے لئے شاندار تحفہ ہے اور پاک ترک دوستی کی اعلی مثال ہے ۔انہوں نے کہا کہ 45کنال رقبے پر محیط امینہ اردگان دانش سکول پنجاب کا بہترین سکول ثابت ہوگا اورسکول میں بچیوں کے لئے کھیلوں کی انڈور اور آؤٹ ڈور سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ دانش سکول سسٹم انتہائی غریب خاندانوں کے بچے اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں موثر کردارادا کررہا ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مظفرگڑھ میں طیب اردگان ہسپتال کا قیام جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے ترکی کی حکومت اور قیادت کا ایک انمول تحفہ ہے ۔ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ مشینری ،طبی آلات اور دیگر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔اس جدید ہسپتال کو جنوبی پنجاب کے عوام کے علاج معالجہ کے لیے 21جون کو آپریشنل کردیا جائیگا۔علاج معالجہ کے ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔وہ طیب اردگان ہسپتال مظفرگڑھ سے متعلق اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طیب اردگان ہسپتال کو چلانے کے لیے ترکی کے ڈاکٹرز اوردیگر عملہ بھی پاکستان آئے گا۔بلاشبہ ترک حکومت کی جانب سے پاکستانی بھائیوں کے لئے جذبہ ایثار کا یہ مظاہرہ لائق تحسین ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کے آپریشنل ہونے سے جنوبی پنجاب کے عوام کو علاج معالجہ کی جدید سہولتیں میسر آئیں گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ اسی ماڈل کو مرحلہ وار ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ میں بھی لاگو کیا جائے گا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سے اسلام آباد میں چین کے شین ڈونگ رویائی گروپ کے نائب صدر جیری لیو ملاقات کی ۔ملاقات میں ٹیکسٹائل ،گارمنٹس اور توانائی سیکٹر میں تعاون کو فروغ دینے، پنجاب حکومت اور شین ڈونگ رویائی گروپ کے مابین طے پانے والے معاہدوں پر پیش رفت کے حوالے سے بات چیت ہوئی ۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے شین ڈونگ رویائی گروپ کے نائب صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چین کی متعدد کمپنیاں کام کررہی ہیں۔پنجاب حکومت اورچین کی کمپنیوں کے مابین بڑھتا ہوا اشتراک پاکستان اورچین کی دوستی اور قابل اعتماد تعلقات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔انہوں نے کہا پنجاب حکومت نے صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے بہترین ماحول فراہم کیا ہے ۔ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں دی جارہی ہیں۔نائب صدر شین ڈونگ رویائی گروپ چائنہ جیری لیونے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی اورٹیکسٹائل کے شعبہ میں تعاون کو مزید فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف محنت،عزم اورجذبے کے ساتھ کام کرتے ہیں اوران کے کام کرنے کے اسی انداز نے ہمیں پنجاب میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا ہے ۔

مزید :

صفحہ اول -