,کرنسی نوٹوں پر غسل خانے سے زیادہ جراثیم
نیویارک (بیورورپورٹ) مال و زر کی محبت کو ہمیشہ سے انسان کی دنیا و آخرت کیلئے نقصان دہ ہی سمجھا گیا ہے۔ امریکی کمپنی ماسٹر کارڈ کی ایک حالیہ تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ نوٹوں کی ہوس تو دور کی بات محض ان کو چھونا بھی صحت کیلئے منفی نتائج کا حامل ہے۔ سائنسدانوں نے پتا چلایا ہے کہ ایک عام نوٹ پر تقریباً 26 ہزار بیکٹیریا موجود ہوتے ہیں اور یہ جراثیم ٹوائلٹ سیٹ پر پائے جانے والے جراثیموں سے بھی زیادہ ہیں۔ اگرچہ لوگوں کو یہ تو معلوم ہے کہ نوٹ جراثیموں کا گھر ہوتے ہیں لیکن بہت کم لوگ ایسے ہیں کہ جو نوٹوں کو ہاتھ لگانے کے بعد اپنے ہاتھ دھونے کی زحمت کرتے ہیں۔ یہ تحقیق یورپ کے 12 ممالک میں 9 ہزار سے زائد لوگوں پر کی گئی۔ تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ مرد نوٹوں کو ہاتھ لگانے کے بعد دھونے میں عورتوں کی نسبت زیادہ سست ہیں۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ فرانس اور ہنگری کے شہری جہاں ایک طرف سب سے زیادہ آگاہ ہیں کہ نوٹوں پر جراثیم ہوتے ہیں وہیں وہ ہاتھ دھونے میں سب سے پیچھے ہیں۔