وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات،مسلح افواج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی : نوازشریف

وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات،مسلح افواج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ...
وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات،مسلح افواج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی : نوازشریف

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ہے جس میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ملاقات میں ملکی سلامتی اور پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور بھی زیر غور آئے ۔ ترجمان وزیر اعظم ہاوس کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم کو کراچی ، بلوچستان ، خیبر پختونخوا اور فاٹا میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی اور شمالی وزیرستان میں فورسز پر ہونے والے حملے میں 9سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت سے بھی آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نے فورسز پردہشت گردانہ حملے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مسلح افواج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،وزیر اعظم نے فورسز کو ہر طرح کی دہشت گردی کا بھرپور جواب دینے کی بھی ہدایت کی ۔وزیر اعظم نے غزنوی میزائل کے کامیاب تجربے پر آرمی چیف اور قوم کو مبارک باد دی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان ہونے والی اس ہنگامی ملاقات میں فورسز پر ہونے والے حملے کے تناظر میں اس بات پر غور کیا گیا کہ طالبان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں کیا بہتر حکمت عملی اپنائی جائے ۔یاد رہے کہ مذاکرات میں اب تک کوئی خاص پیشرفت نہیں ہوئی جبکہ طالبان نے دوبارہ جنگ بندی کا اعلان بھی نہیں کیااور فورسز پر حملوں اور دہشت گردانہ کارروائیوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کر دیا ہے ۔

مزید : اسلام آباد /Headlines