70 سالوں سے پاکستان میں ڈگریاں تقسیم کرکے بے روزگار پیدا کئے جارہے ہیں، تحریک انصاف کی ناکامی کا چرچا کرنے والے مخالفین اصل میں چور ہیں:پرویزخٹک
ہری پور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 70 سالوں سے پاکستان میں ڈگریاں تقسیم کرکے بے روزگار پیدا کئے جارہے ہیں،سڑکوں پلوں کی تعمیر میگا پراجیکٹ نہیں بلکہ موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق معیاری اور نتیجہ خیز تعلیم کے مساوی مواقع عوام کو فراہم کرنا ہی سب سے بڑے پرا جیکٹ ہیں۔
ضلع ہری پور کے علاقہ منگ میں’’ انسٹیٹوٹ آف اپیلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی‘‘ کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری تعلیم کے فروغ کو وقت کا میگا پراجیکٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہری پور میں انسٹیٹیوٹ آف اپیلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا قیام قومی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا،جو باروزگار افراد پیدا کرکے صوبے میں بے روزگاری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ادارے کی قوم کو اشد ضرورت تھی،صوبے سے بیروزگاری کے خاتمے کیلئے فنی تعلیم اور فنی تعلیمی اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت نہ صرف صوبے میں کارخانوں کا قیام ممکن بنارہی ہے بلکہ انہیں تربیت یافتہ افرادی قوت بھی صوبے کے نوجوانوں کو تربیت دے کر فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کااظہار کیا کہ گزشتہ 70 سالوں سے پاکستان میں ڈگریاں تقسیم کرکے بے روزگار پیدا کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انسٹیٹوٹ آف اپیلائڈ سائنسز کا قیام قومی خوشحالی میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس سے نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورا پاکستان مستفید ہو گابلکہ نمل یونیورسٹی کے بعد یہ دوسرا ادارہ ہے جو بین الاقوامی ڈگری جاری کرے گا۔پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ سڑکوں پلوں کی تعمیر میگا پراجیکٹ نہیں بلکہ موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق معیاری اور نتیجہ خیز تعلیم کے مساوی مواقع عوام کو فراہم کرنا ہی سب سے بڑے پرا جیکٹ ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی ناکامی کا چرچا کرنے والے مخالفین اصل میں چور ہیں اور وہ چوروں کامقابلہ کرنا نہیں چاہتے اسلئے انہیں ناکام کہا جا رہا ہے حالانکہ حقائق روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مخالفین انصاف کی آنکھ سے دیکھیں تو انہیں بھی خٰبر پختونخوا میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔

