گوادرمیں 10بیڈز پر مشتمل فیبریکیٹڈ ہسپتال کا افتتاح کردیاگیا
گوادر(ڈیلی پاکستان آن لائن)ریڈکریسنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹرسعید الٰہی نے ریڈکریسنٹ سوسائٹی آف چائنہ کی طرف سے ملنے والے10بیڈز پر مشتمل فیبریکیٹڈہسپتال کا افتتاح کردیا۔ریڈکریسنٹ سوسائٹی آف چائنہ کے صدر ڈاکٹر چین ژو اور چینی سفیر کیساتھ مل کر فریٹرنٹی ایمرجنسی کیئرسنٹرگوادرکا افتتاح کیا۔
تفصیلات کے مطابق چینی ریڈ کراس سوسائٹی کی جانب سے یہ انتہائی شاندار تحفہ ریڈ کریسنٹ کو پروقار تقریب میں حوالے کیا گیا تھا،تقریب میں ریڈ کریسنٹ کے پریذیڈنٹ ،پاکستان میں چین کے سفیر ،سابق چینی وزیر صحت سمیت دیگر اہم ترین شخصیات نے شرکت کی۔
چینی ریڈ کراس سوسائٹی کی جانب سے ریڈ کریسنٹ کو تحفے میں دیا جانے والا فیبریکیٹیڈ ہسپتال 10بیڈز پر مشتمل ہے جس میں ہر قسم کے علاج اور آپریشن کی سہولت بھی موجود ہے جو کہ اپنی مثال آپ ہے ،اس کے ذریعے گوادر میں کئی افراد کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔یہ ہسپتال جہاز کے ذریعے گوادر کی بندر گاہ پر پہنچایا گیا۔ریڈ کراس سوسائٹی دو سال تک اس ہسپتال کے تمام ترین اخراجات برداشت کرے گی جبکہ اس کے بعد یہ حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہو گی۔
ریڈ کریسنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الٰہی نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان چین کی جانب سے دیا جانے والے اس تحفے کے تمام اخراجات خود برداشت کرے۔ان کا کہناتھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک حب بننے جارہی ہے جو کہ ان لوگوں کو بھی اس میں شمولیت اختیار کر نے پر مجبور کر دے گی جو اس میں اس وقت اس میں دلچسپی نہیں رکھتے۔