عید پر ریلیز ہونیوالی فلموں کی پوسٹ پروڈکشن تیزی سے جاری

عید پر ریلیز ہونیوالی فلموں کی پوسٹ پروڈکشن تیزی سے جاری

  

لاہور(فلم رپورٹر)رواں برس عید پر ریلیز ہونے والی فلموں کی پوسٹ پروڈکشن تیزی سے جاری۔ رواں برس عید الفطر پر تین پاکستانی فلموں سمیت بھارتی فلموں کی ریلیز کی اطلاعات ہیں۔ عید پر اب تک تین پاکستانی فلمیں ریلیز کے لئے فائنل کی جارہی ہیں جس میں آئی ایم جی سی اور ڈان گروپ کی فلم ’’ فلم سات دن محبت ان‘‘ معروف ہدایتکار جاوید شیخ کی بطور ہدایتکار دس برس بعد فلم ’’وجود‘‘ اور ایورریڈی پکچرز کی فلم ’’پرواز ہے جنون‘‘ شامل ہیں جبکہ مزید فلموں کی بھی عید پر ریلیز ہونے کے اعلانات باقی ہیں، رواں برس میں اب تک پاکستان فلم انڈسٹری میں کوئی بھی ایسی فلم ریلیز نہیں کی گئی ہے جس نے باکس آفس میں اپنا سکہ جمایا۔ فلم ’’سات دن محبت ان‘‘ کی مرکزی کاسٹ میں اداکارہ ماہرہ خان اور شہریار منور سمیت جاوید شیخ، آمنہ الیاس، میرا سیٹھی، حنا دلپذیر، عدنان شاہ ٹیپو شامل ہیں۔ فلم کے ہدایتکار فرجاد اور مینو گوہر ہیں جو اس سے قبل فلم ’’زندہ بھاگ‘‘ بنا چکے ہیں۔ فلم زندہ بھاگ میں انہوں نے بھارتی اداکارنصیر الدین شاہ کو کاسٹ کیا تھا تاہم ’’زندہ بھاگ‘‘ شائقین کو زیادہ متاثر کرنے میں کامیاب نہیں رہی تھی۔ اس بار فلم کو ڈرامہ رایٹر فصیح باری خان نے تحریر کیا ہے جس میں رمانس، کامیڈی اور ایکشن کو شامل کیا گیا ہے۔ دس برس بعد دوبارہ پاکستان فلم میں ہدایتکاری دینے والے اداکار جاوید شیخ کی فلم ’’وجود‘‘ کو جلد از جلد مکمل کیا جارہاہے ان دنوں کراچی میں فلم کے کچھ مناظر بھی شوٹ کئے جارہے ہیں فلم وجود کی کاسٹ میں اداکار جاوید شیخ، ندیم بیگ، دانش تیمور، ادیتہ سنگھ، سعدیہ امتیاز،فضا خان، اسد محمود، علی سلیم و دیگر شامل ہیں۔

پاکستان ائیرفورس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے بنائی جانے والی فلم ’’پرواز ہے جنون‘‘ کو بھی عید پر ریلیز کیا جائے گا ڈراموں کے ہدایتکار حسیب حسن کی ڈائریکشن پر مبنی فلم کی پروڈیوسر مومنہ دورید ہیں۔ جبکہ فلم کی کاسٹ میں حمزہ علی عباسی،احد رضا میر، شاذخان،کبری خان، ہانیہ عامر،علمدار خان،ریچل ویکاجی،شفاعت علی،مرینہ خان،فرحان علی آغا،شمعون عباسی،عدنان جعفر،رشید ناز اور حنا خواجہ بیات کے نام شامل ہیں۔

مزید :

کلچر -