پاکستان 6ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا،شہبازسینئر

پاکستان 6ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا،شہبازسینئر

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان رواں سال ستمبر کے پہلے ہفتے میں چھ ملکی انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا جس کے تمام میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد سینئر نے کہا کہ ٹورنامنٹ 2 سے 10 ستمبر تک منعقد ہو گا اور اسے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے کیلنڈر میں شامل کر لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایونٹ میں پاکستان کے ساتھ ساتھ افغانستان، کازغستان، عمان، ترکی اور سری لنکا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم راولپنڈی کے آرمی اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ منعقد کرانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان آرمی کی اجازت حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ اگر پاکستان آرمی سے ٹورنامنٹ کے انعقاد کی اجازت نہ مل سکی تو نئی آسٹرو ٹرف ڈالنے کی صورت میں ہم نصیر بندہ اسٹیڈیم میں میچز منعقد کرائیں گے۔

تاہم آسٹرو ٹرف نہ بچھائی جا سکی تو ہمارا پاس تیسرا آپشن کراچی ہو گا۔شہباز احمد نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ملک میں ہاکی کے کھیل کی بحالی اور فروغ کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے، گزشتہ سال ورلڈ الیون نے دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے کراچی اور لاہور میں ایک ایک میچ کھیلا تھا جو انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی کے لیے اہم قدم تھا اور امید ہے کہ چھ ملکی ٹورنامنٹ بھی اس سلسلے میں بہت کامیاب رہے گا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -