پاکستان ٹینسچیمپئین شپ: بارش نے عقیل خان کو شکست سے بچالیا

پاکستان ٹینسچیمپئین شپ: بارش نے عقیل خان کو شکست سے بچالیا

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام سیکنڈ ایس این جی پی ایل آل پاکستان ٹینس چیمپئن شپ میں تیز بارش نے 18 سال سے ناقابل شکست عقیل خان کو شکست سے بچا لیا۔ بارش سے قبل محمد عابد نے عقیل خان کے خلاف پہلا سیٹ 6-3 سے جیتا تھا جبکہ دوسرے سیٹ میں بارش آئی تو محمد عابد کو 4-2 کی برتری حاصل تھی۔ کورٹ گیلا ہونے کی وجہ پر ٹورنامنٹ ریفری عارف قریشی اور ٹورنامنٹ کمیٹی نے کھلاڑیوں کی رائے سے دونوں میں انعامی رقم شیئر کردی۔ محمد عابد کو انعامی رقم کا 60 فیصد جبکہ عقیل خان کو 40 فیصد دیا گیا۔ ادھر لیڈیز ٹائٹل سارہ محبوب نے جیت لیا، فائنل میں زیڈ ٹی بی ایل کی نور ملک کوشکست 6-2, 6-1 سے ہرا دیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈی ایم ڈی ایس این جی پی ایل عامر طفیل تھے۔ سوئی گیس کے انڈر 18 کے فائنل میں محمد شعیب نے ثاقب حیات کو ہرا کر ڈبل کراؤن حاصل کرلیا۔انڈر 14 کے فائنل میں حامد اسرار نے عزیر خان کو دلچسپ اور سخت مقابلے کے بعد 6-1,3-6, 6-4 سے ہرا کر اس ٹورنامنٹ میں تیسرا ٹائٹل جیت لیا۔ گرلز انڈر 18 کے فائنل میں شمزہ طاہر نے ماہا سید کو 6-3, 6-0 سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔انڈر 12 ڈبلز کے فائنل میں بلال عاصم اور شاہیل طاہر نے احتشام ہمایوں اور حمزہ رومان کو تین گھنٹے کے سخت مقابلے کے بعد 7-6, 4-6, 10-7 سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔

انڈر 10 کے فائنل میں پشاور کے حمزہ رومان نے لاہور کے احتشام ہمایوں کو 8-3 سے ہرا کر فائنل جیت لیا۔سینئر 40 کے ڈبل میں گیس اینڈ آئل کے طلحہ وحید اور میجر (ر) عدنان نے حسن سید اور محمد خالق کو 6-2, 6-4 سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔ 50 پلس کے فائنل میں عارف فیروز اور محمد خالد نے نثار وقار اور میاں عامر الطاف کو 6-3, 6-2 سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔ 60 پلس کے فائنل میں بابر احمد اور بریگیڈیئر (ر) غضنفر نے میجر(ر) سید اکرام اور مبین ملک کو 6-1, 6-1 سے ہرا کر فائنل جیت لیا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -