لیسکو کی بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری
لاہور ( کامرس رپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو )کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام اور اسکے تدارک کے لئے شعبہ آپریشن کے ساتھ ساتھ ایس اینڈ آئی کی ٹیمیں انتہائی مستعدی کے ساتھ کام کررہی ہیں۔ انہوں نے یہ بات سرویلنس اینڈ انویسٹی گیشن سیل کی جانب سے ماہانہ کارکردگی کے حوالے سے دی گئی بریفنگ کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم لیسکو سے بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لئے پوری طرح سے سرگرم عمل ہیں یہی وجہ ہے کہ لیسکو کے تمام سرکلز کے ایس ایز، ایکسئینز اور ایس ڈی اوز کے ساتھ ساتھ ایس اینڈ آئی کی ٹیموں کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاون کیا جارہا ہے۔ لیسکو کے منیجر سرویلنس اینڈ انویسٹی گیشن نور احمد سومرو نے اپریل کے مہینے میں ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایس اینڈ آئی کی ٹیموں کی جانب سے لیسکو کے تمام سرکلز میں آپریشن کیا گیا جس دوران کل 8945کنکشنز کا جائزہ لیا گیا جن میں سے 1122خلاف ضابطہ کنکشنزسامنے آئے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کنکشنز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ صارفین کو(1844612) اٹھارہ لاکھ چوالیس ہزار چھ سو بارہ یونٹس ڈیٹیکشن کی مد میں چارج کئے گئے ساتھ ہی ساتھ 351بجلی چوروں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آرز بھی درج کروادی گئی ہیں۔چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ کہ لیسکو سے بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لئے عوام بجلی چوروں کی نشاندہی کرکے انہیں پکڑنے میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ ہم اپنے تمام صارفین تک بجلی کی محفوظ اور معیاری سپلائی کو یقینی بنا سکیں۔واضح رہے کہ لیسکو کا بجلی چوروں کے ضلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے اور اس ضمن میں تمام سرکلزمیں خصوصی ٹیمیں ہفتہ اور اتوار کی تعطیل کے دوران بھی بجلی چوری کے خلاف مہم میں بھرپور طریقے سے مصروف عمل ہیں ۔