ایمریٹس نے دبئی میں ہوم چیک ان سروس متعارف کرادی

ایمریٹس نے دبئی میں ہوم چیک ان سروس متعارف کرادی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر) ایمریٹس نے اپنے مسافروں کے لئے ہوم چیک ان (Home Check-in)کی سہولت متعارف کرادی ہے جس کے بعد مسافر دبئی میں جہاں کہیں بھی ہوں گے وہ اپنی پروازوں کے لئے چیک ان کرسکیں گے۔ یہ سروس ایمریٹس کی تمام کلاسوں کے مسافروں کے لئے دستیاب ہے۔ اس نئی سروس کی بدولت ایمریٹس اپنے مسافروں کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کے ساتھ اپنے گھروں، ہوٹلوں یا آفس سے آنے والے مسافروں کو باآسانی چیک ان کی سہولیات فراہم کرے گی اور پرواز سے قبل ان کے سامان کو ایئرپورٹ پہنچایا جائے گا۔ اس حوالے سے ایمریٹس کا چیک ان ایجنٹ طے شدہ مقام پر آئے گا، سامان کا وزن کرے گا اور بیگوں کو ٹیگز لگائے گا اور مسافروں کو چیک ان کرنے کے ساتھ بورڈنگ پاسز بھی جاری کرے گا۔ اس کے بعد مسافر اپنی سہولت کے مطابق الگ راستے سے بھی خود ایئرپورٹ پہنچ سکتے ہیں اور ایئرپورٹ پر چیک ان ڈیسک کو نظر انداز کرکے سیدھے امیگریشن سیکشن آسکتے ہیں۔ یہ سروس فی ٹرپ 350 درہم میں سامان کے سات بیگوں تک دستیاب ہے۔ سامان کے ہر اضافی بیگ پر 35 درہم چارج کئے جائیں گے۔ صارفین اپنی فلائٹ روانگی کے وقت سے قبل 12 گھنٹے پہلے تک ایمریٹس ڈاٹ کام پر یہ سروس بک کروا سکتے ہیں۔ یہ جدید ترین اقدام ایمریٹس کے اس عزم کا اظہار ہے کہ وہ باآسانی سفری سہولیات کے لئے اپنے مسافروں کو عالمی معیار کی خدمات فراہم کرے گا۔ ایمریٹس اپنے ہوم چیک ان سروس پر اکتوبر سے آزمائشی بنیادوں پر کام کررہا ہے تاکہ مسافروں کے سفر کو آسان اور سیکورٹی چیکس کو غلطیوں سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنایا جائے۔

اس سروس میں ہر بیگ کو سیل کیا جاتا ہے اور وین میں محفوظ انداز سے رکھا جاتا ہے۔ ایمریٹس کی ہوم چیک ان کی سروس نئی وینوں کے ساتھ آپریٹ کی جائے گی۔ یہ نئی چیک ان سروس اور سامان کی ہینڈلنگ کی خدمات دبئی میں ایمریٹس کی پروازوں کے لئے تاحال دستیاب ہیں۔
بلا کسی سفری تعطل کے صارفین ایئرپورٹ پر اپنے سامان کی حفاظتی سروس کے لئے ادائیگی کرسکتے ہیں اور اپنے سامان کے لئے ترجیحی قیمت سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور ڈبوں و بیگوں کی حفاظت کے لئے پیکنگ کرواسکتے ہیں۔دبئی آنے والے مسافروں کے لئے سامان رکھنے کی سہولت بھی دستیاب ہے جہاں وہ اپنا سامان رکھ کر شہر میں گھومنے پھرنے جاسکتے ہیں۔ ایمریٹس ہوم ڈیلیوری کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے ، یہ سامان جمع کرتا ہے اور کسٹمز سے کلیئر کروانے کے بعد مسافروں کو سامان روانہ کردیا جاتا ہے۔

مزید :

کامرس -