شادی کیلئے تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ لازمی قرار ، نکاح سرٹیفکیٹ دیکھنے کا پابند ہو گا

شادی کیلئے تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ لازمی قرار ، نکاح سرٹیفکیٹ دیکھنے کا پابند ہو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب پریونشن اینڈ کنٹرول آف تھیلیسیمیا ایکٹ کا ترمیم شدہ مسودہ قانون تیار ہے اور سمری وزیراعلی پنجاب کی منظوری کے لئے بھجوادی گئی ہے۔ وزیراعلی سے منظوری کے بعد تھیلیسمیا سے بچاؤ اور روک تھام کا مسودہ قانون صوبائی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی کے سپرد کردیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات پنجاب تھیلیسیمیا کنٹرول پروگرام کے اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد بتائی۔ اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم احمد شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر سلمان شاہد، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر شبنم بشیر ، ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اظہر جعفری، ڈائریکٹر IBTSڈاکٹر ظفر اقبال، سیکرٹری BTAڈاکٹر اطہر ، ڈاکٹر عارف اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ڈاکٹر شبنم بشیر نے بتایا کہ ترمیم شدہ مسودہ قانون میں تھیلیسیمیا کی روک تھام کے لئے شادی سے پہلے لڑکے کا تھیلیسمیا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر لڑکی اور لڑکا تھیلیسمیا مائنر کے کیرئیرہوں تو پیداہونے والے بچے تھیلیسمیامیجر کے شکار ہوتے ہیں اس لئے شادی سے پہلے لڑکے کا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ قانون دنیا کے بہت سے ممالک میں پہلے ہی نافذ ہے جس سے ان ممالک میں تھیلیسمیاکی بیماری پر قابو پالیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مسودہ قانون میں نکاح خواں کے لئے بھی نکاح پڑھانے سے پہلے مذکورہ ٹیسٹ کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرنا لازمی ہوگا۔
سلمان رفیق