ڈی جی ریسکیو 1122کا آتشزدگی کے بڑھتے واقعات پر اظہار تشویش
لاہور ( کرائم رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122)ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے حادثات پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہاہے کہ متعلقہ اداروں کو آگ سے بچاؤ کیلئے پاکستان انجینئرنگ کونسل سے منظور شدہ نیشنل فائر سیفٹی کوڈز پر فوری عملد ر آمد کرانا چاہیے تاکہ ہر قسم کی شہری آبادی اور تعمیرات محفوظ ہوں ۔ انہوں نے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈز کی میٹنگ کے دوران فائر سیفٹی آڈٹس کے نتائج شیئر کریں اور ضلعی انتظامیہ پر زور دیں کہ وہ فائر سیفٹی کے لئے ضروری اقدامات اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے گزشتہ روز ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرز میں ضلعی ایمرجنسی افسران کی کانفرنس کے دوران کیا۔ میٹنگ میں فائر سیفٹی کنسلٹنٹ مارکس ولکنس، سیکرٹری جنرل فائر پروٹیکشن ایسو سی ایشن پاکستان طارق معین ، ڈپٹی ڈائریکٹر (ایچ آر)ڈاکٹر فواد شہزاد مرزا، ڈی ڈی ریسرچ رفعت ضیاء، ڈی ڈیّ آپریشنز ایاز اسلم ، ہیڈ آف لاء اینڈ ایڈمن ونگ علی حسن، تمام ضلعی ایمرجنسی افسران اور ریسکیو 1122ہیڈ کوارٹرز کے افسران نے شرکت کی۔