گجرات : بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ ، تاجر ،شہری اور مزدور بلبلا اٹھے

گجرات : بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ ، تاجر ،شہری اور مزدور بلبلا اٹھے

  

گجرا ت (بیورورپورٹ)گجرات شہر اور گردونواح میں ضروری مرمت کے نام پر 8آٹھ گھنٹے کی طویل ترین بجلی کی بندش پر صنعتکار ‘ تاجر برادری اور عام شہریوں کے علاوہ دیہاڑی دار مزدور سراپا احتجاج بن گئے۔ گزشتہ تین ماہ سے اندرون شہر اور دیہاتی علاقوں میں مرمت کے نام پربجلی کی طویل ترین غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری ہے۔ متعلقہ حکام کی طر ف صارفین کو بجلی بند رکھنے کی کوئی معقول وجہ بیان نہیں کی جاتی البتہ بجلی کی طویل بندش کی وجوہات جاننے کیلئے اصرار کرنیوالے صارفین کے ساتھ بد تمیزی سے ضرور پیش آیا جاتا ہے۔ بجلی کی بندش کے دوران شکایات سیل ‘ متعلقہ لائن سپرٹینڈنٹ اور گریڈ اسٹیشن کے فونز بند کر دیے جاتے ہیں یا فون سننے کی زحمت کی گوارا نہیں کی جاتی طویل ترین بجلی کی بندش سے گجرات میں پنکھا ‘ فرنیچر اور پارٹری سمیت پاور لومز کی سینکڑوں چھوٹی بڑی فیکٹریاں اور کارخانے ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے دور دراز سے سفر کر کے گجرات شہر پہنچنے والے ہزاروں دیہاڑی دارمزدور بجلی کی بندش کے باعث سارا دن ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھنے کے بعد خالی ہاتھ گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہیں دوسری طرف گرمی کی شدت میں مسلسل اضافے ‘ مکھی اور مچھروں کی خوفناک افزائش نے شہریوں کی ناک میں دم کر رکھا ہے بجلی کی بندش اور مچھروں کی اذیت سے عاجزلوگ سخت ذہنی اذیت کا شکار ہیں مقامی سیاستدان ‘ صنعتکار ‘ تاجر تنظیمیں اور مزدور دار طبقے سمیت عام شہری بھی صورتحال سے سخت پریشان ہیں ارباب اختیار سے صورتحال کے تدارک کیلئے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے۔

مزید :

علاقائی -