ایون فیلڈ ریفرنس، مریم اور صفدر کے وکیل کی نیب تفتیشی افسر پر جرح مکمل
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت کے دوران نیب کے تفتیشی افسر عمران ڈوگر پر مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے وکیل امجد پرویز نے جرح مکمل کرلی، جس کے بعد سماعت آج ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردی گئی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنس کی سماعت کی۔سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور کچھ دیر بعد انہیں جانے کی اجازت دے دی گئی، جبکہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ایون فیلڈ ریفرنس میں استغاثہ کے تمام گواہوں کے بیانات قلمبند کر لیے گئے۔نیب کل ایون فیلڈ ریفرنس میں شواہد مکمل ہونے سے متعلق بیان دے گا۔سماعت کے دوران امجد پرویز ایڈووکیٹ نے استفسار کیا کہ کیا ملزمان کو کل آنے کی ضرورت ہے؟ جس پر احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ ملزمان کو کل آنے کی ضرورت نہیں۔
ایون فیلڈ ریفرنس