احسن اقبال پر حملہ نواز شریف کی نفرت انگیز سیاست کا نتیجہ : بلاول بھٹو

احسن اقبال پر حملہ نواز شریف کی نفرت انگیز سیاست کا نتیجہ : بلاول بھٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پھالیہ (تحصیل رپورٹر) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے نواز شریف نے اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی اپنا کر ملکی سلامتی کو خطرات میں دھکیل دیا ہے، وزیرداخلہ احسن اقبال پر حملہ اسی نفرت انگیز سیاست کا نتیجہ ہے، پیپلز پارٹی احسن اقبال پر بزدلانہ حملے کی پرزور مذمت کرتی ہے، گزشتہ روزیہاں بھاگٹ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں انکا مزید کہنا تھانواز شریف پے درپے مشکلات کے نتیجہ میں بے سروپا بیان دے کر پانامہ سکینڈل چھپانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، سیاست میں غیر شائستگی اور نفرت کا عنصر غلبہ پارہا ہے جس سے متشدد رویے جنم لے رہے ہیں جو ملکی سیاست اور سلامتی کیلئے بھی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ ملکی حالات کے تناظر میں سیاستدانوں کو اعتدال کا رویہ اختیار کرنا ہوگا۔قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری آصف بشیر بھاگٹ کی رہائش گاہ واقع بھاگٹ میں بذریعہ ہیلی کاپٹر دن 2بجے پہنچے تو جیالوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔ اس موقع پر قمر زمان کائرہ، ندیم اصغر کائرہ، دیوان شمیم اختر، چوہدری منظور احمد، آصف بشیر بھاگٹ بھی موجود تھے۔ ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا الیکشن سے پہلے پی ٹی آئی سے اتحاد نہیں ہوسکتا، ا لیکشن میں تاخیر سے متعلق عمران خان نے خواہش ظاہر کی ہے آ ئینی لحاظ سے الیکشن میں تاخیر کا کوئی راستہ نظر نہیں آرہا ،کارکن آئندہ الیکشن کیلئے اپنی تیاریاں شروع کردیں ،پاکستان پیپلز پارٹی الیکشن کیلئے تیار ہے۔بعدازاں بلاول بھٹو زرداری مانگٹ اور گوجرہ میں لگائے گئے رکن سازی کیمپوں کے معائنہ کیلئے گئے اور وہاں پر موجود کارکنوں سے خطاب کیا۔قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری دورہ منڈی بہاالدین کے موقع پر پھالیہ پہنچے تو وہاں پارٹی چیئرمین کے والہانہ استقبا ل میں حلقہ پی پی 66کے امیدوار محمدنواز تارڑ بازی لے گئے، سینکڑوں گاڑیوں پر ہزاروں کارکنان کیساتھ اپنے قائدکا تاریخی استقبال کیا جس کی مثال پہلے نہیں ملتی، محمدنواز تارڑ کی شمولیت سے پھالیہ میں پی پی پی کے مردہ گھوڑے میں گویا جان پڑ گئی ، متعدد مایوس جیالے پار ٹی میں لوٹ آئے ہیں جنہوں نے پہلے کی طرح فعال ہونے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے امیدوار کو بھی مقابلہ کی پوز یشن میں لانے کا سہرا محمد نواز تارڑکے سر جاتا ہے ۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے رکنیت سازی کیمپوں کے دورہ کے سلسلہ میں ضلع منڈی بہاؤالدین کا ایک روزہ دورہ کیا پہلے مرحلہ میں وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ پھالیہ پہنچے جہاں امیدوار قومی اسمبلی آصف بشیر پھاگٹ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کیا بعدازاں بذریعہ سڑک رکنیت سازی کیمپوں کے دورہ پر روانہ ہوئے تو تحصیل پھالیہ میں جگہ جگہ ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ،جس میں حال ہی میں پیپلز پارٹی میں شامل ہونیوالے سابق امیدوار قومی اسمبلی اور امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 66چوہدری محمد نواز تارڑ نہ صرف بازی لے گئے بلکہ کسی بھی مرکزی قائد کے استقبال کے سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دئیے، سینکڑوں گاڑیوں پر اپنے ہزاروں ساتھیوں اور جیالوں کے ہمراہ پھالیہ میں فقید المثال استقبال کیا ،منوں کے حساب سے پھول کی پتیاں نچھاور کیں، ڈھول کی تھاپ پر جیالوں کا والہانہ رقص ،جگہ جگہ کھانے کا وسیع انتظام موجود تھا، بلاول بھٹو زرداری کا استقبا ل دیکھ کر وہاں پر موجود لوگوں نے کہا اب شاید پی پی پی یہاں مقابلہ کی پوزیشن میں آگئی ہے خصوصاً حلقہ پی پی 66اور این اے 85کیلئے ان کی پارٹی میں شمولیت ایک نیک فال ہے ۔ اس موقع پر محمد نواز تارڑ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایک دفعہ پھر ضلع منڈی بہا ؤ الدین کو پیپلز پارٹی کا قلعہ بنائیں گے اوراس حلقہ کو اپنی ذاتی جاگیر سمجھنے والوں کو الیکشن2018میں ان کی اس خوش فہمی سمیت گھروں کو بھیج دیں گے ۔ پارٹی کارکنان میرے لئے باعث احترام اور حلقہ عوام میرا قیمتی اثاثہ ہیں ،موقع ملا تو خدمت کی ایک مثال قائم کرونگا ۔
بلاول بھٹو

مزید :

صفحہ اول -