سی آئی اے کی نامزد سربراہ جینا ہسپیل کامنصب سنبھالنے سے انکار

سی آئی اے کی نامزد سربراہ جینا ہسپیل کامنصب سنبھالنے سے انکار

  

واشنگٹن (صباح نیوز) سی آئی اے کی نامزد سربراہ جینا ہسپیل نے منصب سنبھالنے سے انکارکردیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کی طرف سے سی آئی اے کیلئے نامزد کردہ سربراہ جینا ہسپیل نے نامزدگی سے دستبردار ہونے کی کوشش کی ہے،اس اقدام کی وجہ سی آئی اے میں تحقیقات کے طریق کار میں ان کے متنازعہ کردار کے حوالے سے تشویش بتائی جاتی ہے۔ جینا کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سی آئی اے میں تحقیقات کے دوران واٹر بورڈنگ جیسی نئی ٹیکنیک کے استعما ل کی زبردست حامی رہی ہیں جسے دنیا بھر میں بدترین تشدد قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی جاتی رہی ہے۔جینا کو ان کے تحقیقاتی طریقوں کے استعمال کے بارے میں گفتگو کیلئے وائٹ ہاؤس طلب کیا گیا جہاں ان کی اہلکاروں سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔اطلاعات کے مطابق جینا ہسپیل نے وائٹ ہاؤس کو کہا کہ وہ سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی میں ہونے والی ان کی نامزدگی کی توثیق کے سلسلے میں متوقع طور پر سخت اور مشکل سماعت کے پیش نظر دستبردار ہونا چاہیں گی۔اس ملاقات کے بعد جینا اپنے دفتر واپس لوٹ گئیں۔بتایا جاتا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے قانون سازی کے امور سے متعلق اہلکار مارک شارٹ اور وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سینڈرز اس کے فوراً بعد لینگلے میں جینا کے دفتر گئے جہاں انہوں نے کئی گھنٹے تک جینا سے ملاقات کی اور اپنا فیصلہ بدلنے پر زور دیا تاہم جینا رضامند نہ ہوئیں۔۔وائٹ ہاؤس کے ترجمان راج شاہ نے کہا کہ جینا نے تین دہائیوں تک ملک کی خدمت کی ہے اور وہ اس منصب کیلئے انتہائی موزوں اہلکار ہیں۔

مزید :

علاقائی -