باریاں لگانے اور باری کا انتظار کرنیوالے ایک ہی دربار کے ملنگ ہیں: سراج الحق

باریاں لگانے اور باری کا انتظار کرنیوالے ایک ہی دربار کے ملنگ ہیں: سراج الحق

  

اسلام آباد(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ باریاں لگانے اور باری کا انتظار کرنے والے ایک ہی دربار کے ملنگ ہیں اور سب اسی دربار کے گرد طواف کرتے ہیں ،یہ سمجھتے ہیں کہ اگر خلائی مخلوق ان کے ساتھ ہے تو الیکشن ٹھیک اور اگران کے ساتھ نہیں ہے تو بالکل ٹھیک نہیں ۔ان کا حال وہی ہے کہ’’ تیرے دربار میں پہنچے تو سبھی ایک ہوئے ‘‘ ۔نواز شریف خلائی مخلوق او ر عمران خان نادیدہ قوتوں کی بات کررہے ہیں جبکہ ایک تیسرے لیڈر بھی یہی باتیں کرتے ہیں ،تینوں جماعتوں کے سربراہان کے بیانات سے عام آدمی کا الیکشن اور پولنگ اسٹیشن سے اعتماد ختم ہوگیا ہے ،عوام سمجھتے ہیں کہ اگر ان کے ووٹ سے کوئی تبدیلی نہیں آنی تو پھر دھوپ میں قطاروں میں کھڑے ہوکر ووٹ ڈالنے کا کیا فائدہ ،یہ تو اور ہی کھیل کھیلا جارہا ہے ۔ الیکشن کمیشن ان تینوں لیڈروں کو بلاکر سنیں ،یہ ذمہ دار لوگ ہیں ان سے پوچھیں کہ وہ کونسی قوتیں ہیں ان کا نام بتائیں ۔آج کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو ،ہم کہتے ہیں کہ ووٹر کو عزت دو ،تم ووٹ لیکر ایوانوں میں بیٹھ جاتے ہو اور غریب ووٹر بھوکا پیاسا اندھیروں میں ٹکریں کھاتا رہ جاتا ہے ۔سیاست اور جمہوریت کو عزت دینے کیلئے ووٹر کو عزت دینا ہوگی۔جھرلوالیکشن اور الیکشن فار نتھنگ سے عوام کے ہاتھ پہلے کچھ آیا ہے نہ آئندہ آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل لٹیروں اور کرپشن کے پروردہ لوگوں کے پاس نہیں ،یہ اپنے مفادات کے بندے ہیں ،رات ایک ہی گھر میں گزارتے ہیں اور صبح ہوتے ہی مختلف جھنڈوں والی گاڑیاں لیکر مختلف جماعتوں کے جلسوں میں پہنچ جاتے ہیں ،پاکستان کو اسلام کاقلعہ بنانے کیلئے لسانی اور مسلکی سیاست سے باہر نکلنا ہوگا۔لسانی سیاست نے ملک کو بڑے قیمتی ہیروں سے محروم کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 13مئی کو مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہونے والا ایم ایم اے کا جلسہ اسلامی و خوشحال پاکستان کی منزل کے حصول قوم کو متحد کرکے تحریک پاکستان والے جذبہ کو زندہ کردے گا ۔انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پر ہونے والا یہ جلسہ ملی وحدت اور قومی یکجہتی کا عظیم الشان مظاہرہ ہوگا۔ سینیٹر سرا ج الحق نے احسن اقبال کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہاکہ کہاکہ ملک سے گالی اور گولی کی سیاست کا خاتمہ ہوناچاہیے اور حکومت احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کرنے والوں کی پشت پر موجود لوگوں کو بے نقاب کرے ۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -