سعودی فورسز نے یمنی حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنادیا
ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی سیکورٹی فورسز نے یمن کے حوثی باغیوں کے نجران کی جانب داغے گئے بیلسٹک میزائل کو فضا میں تباہ کردیا۔سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز نے ایک بیان میں کہا کہ حوثیوں نے یمن کی حدود سے ایک بیلسٹک میزائل نجران کی جانب فائر کیا تھا مگر اس کو فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ حوثی باغی ستمبر 2014 میں قانونی حکومت کے خلاف بغاوت برپا کرنے کے بعد سے یمن کی سرحد کے نزدیک واقع سعودی عرب کے جنوبی شہر نجران کی جانب لا تعداد میزائل داغ چکے ہیں۔سعودی حکام کے مطابق حوثی اب تک شہر پر 10 ہزار سے زیادہ راکٹ حملے کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ جان بوجھ کر شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے رہے ہیں مگر سعودی عرب کی شاہی فضائیہ حوثیوں کے ان تمام حملوں کو ناکام بناچکی ہے۔واضح رہے کہ رواں سال حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔