یوتھ لیڈر شپ کراچی کی متبادل قیادت بنے گی، سینیٹر سراج الحق

یوتھ لیڈر شپ کراچی کی متبادل قیادت بنے گی، سینیٹر سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نو منتخب یوتھ لیڈر شپ کراچی کی متبادل قیادت بنے گی۔ سراج الحق نے اتوار 6مئی کو مزار قائد کے پہلو میں باغ جناح کے وسیع و عریض گراؤنڈ پرکامیاب اور عظیم الشان ’’کراچی یوتھ کنونشن ‘‘ کے انعقاد پر کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ، جے آئی یوتھ کراچی کے صدر حافظ بلال رمضان اور ان کی پوری ٹیم اور کنونشن کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ دن رات کی بھر پور کوششوں اور بہترین منصوبہ بندی اور ٹیم ورک کے باعث اتنا بڑا اور ایک تاریخی کنونشن منعقد ہوااور نو منتخب یوتھ لیڈر شپ کی تقریب حلف برداری ایک بڑے جلسہ عام میں تبدیل ہو گئی جس نے کراچی میں حالیہ دنوں میں ہو نے والے دیگر جلسوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔سراج الحق نے کہا کہ پورے ملک کی طرح کراچی میں بھی یوتھ الیکشن کا تجربہ بھر پور طور پر کامیاب رہا۔یوتھ الیکشن اور اس حوالے سے یوتھ ممبر شپ مہم میں ہزاروں نوجوانوں نے حصہ لیا اور انتہائی نچلی سطح پر ہر یوسی کے اندراپنا نمائندہ پینل منتخب کیا۔ اس سے نوجوانوں کو حوصلہ ملا اور کراچی میں یوتھ لیڈر شپ ایک متبادل قیادت کے طور پر سامنے آئی۔ جماعت اسلامی نے جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم سے کراچی کے نوجوانوں کو منظم ،متحرک اور متحد کر کے درست سمت اور مثبت لائحہ عمل دیا ہے۔ اب یہ لیڈر شپ عوامی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرے گی اور بلدیاتی نمائندگی سمیت متعلقہ حکومتی اداروں کے اعلیٰ افسران اور حکام کو عوامی حمایت اور تائید سے مجبور کرے گی کہ وہ شہریوں کے دیرینہ اور اہم مسائل حل کریں اور اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ سراج الحق نے کہا کہ جس مثالی نظم و ضبط کے ساتھ یہ تقریب حلف برداری اور یوتھ کنونشن منعقد ہوا اور یوتھ لیڈر شپ نے کراچی کی تعمیر و ترقی ، خوشحالی، ملک کے تحفظ اور مظلوموں کی حمایت کرنے کا جو عزم اور عہد کیا ہے امید ہے کہ مکمل نظم و ضبط کے ساتھ اس عہد کو بھی پورا کیا جائے گا اور کراچی کے نوجوان کراچی کے اندر نئی تاریخ رقم کریں گے۔