کراچی ، ایک ہی مقام پر جلسہ،پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف آمنے سامنے

کراچی ، ایک ہی مقام پر جلسہ،پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف آمنے سامنے

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں جلسے کے لیے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف آمنے سامنے آگئیں، 12 مئی کو دونوں جماعتوں کی جانب سے گلشن اقبال کے حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی میں 12 مئی کے جلسے کے لیے تیاریاں کی جارہی ہیں اور اس حوالے سے تشہیری مہم بھی شروع کردی گئی تاہم جلسے کے مقام پر دونوں جماعتوں میں تنازع دیکھنے میں آیا ہے۔تشہیری مہم میں دونوں جماعتوں نے 12 مئی کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے جس کے لیے تحریک انصاف نے گراؤنڈ میں کیمپ بھی لگا دیا۔پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے بھی جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے حکیم سعید گراؤنڈ کا دورہ کیا۔ تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ 12 مئی کو ہر حال میں حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ ہوگا جب کہ پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ 3 مئی کو ڈپٹی کمشنر سے معلومات کے بعد ہی 12 مئی کو جلسے کے لیے درخواست جمع کرائی تھی۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر شرقی کے مطابق پی ٹی آئی نے جلسے کے لیے کوئی درخواست نہیں دی جب کہ پیپلز پارٹی نے 4 مئی کی شام درخواست دی تھی۔یاد رہے کہ پیپلز پارٹی نے اس سے قبل عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں 29 اپریل کو لیاقت آباد کے ٹنکی گراؤنڈ میں جلسہ کیا تھا جس کے جواب میں ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں دھڑوں نے 5 مئی کو اسی مقام پر مشترکہ جلسہ کیا۔

مزید :

کراچی صفحہ آخر -