الیکشن عملے کا جھکاؤ مخصوص سیاسی جماعتوں سے لازمی ہوتا ہے ،کنور محمد دلشاد
اسلام آباد( این این آئی) ماضی میں الیکشن عملے کی سیاسی وابسطگیوں کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں ،الیکشن عملے کا ذیادہ تر تعلق صوبائی حکومتوں سے ہوتا ہے اور لوکل گورئمنٹ کے تحت جو ملازمین بھرتی ہوتے ہیں ان کا جھکاؤ کسی مخصوص سیاسی جماعت سے لازمی ہوتا ہے لہذاٰ ریٹرننگ افسران کی کارکردگی پر میڈیا کو گہری نظر رکھنا ہوگی۔ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی سیکر ٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان و چیئرمین نیشنل ڈیمو کریٹک فاؤنڈیشن کنور محمد دلشاد نے پاکستان پریس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام انتخابی عمل ومؤ ثر میڈیا کوریج کے عنوان سے منعقدہ گول میز مذاکرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل19کے تحت پاکستان کے ہر شہری کو آزادی اظہار کا حق ہے ،پریس کی آزادی بھی قانون کے تحت مناسب اور واجب پابندیوں سے مشروط ہے ، افسوس کے آج میڈیا کی آزادی سیلف سینسر شپ کے تحت عملی طور پر مفلوج ہے۔ ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018پربین الاقوامی قوتوں کی نظریں لگی ہوئی ہیں ایسے موقع پر میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،شفاف انتخابات کے لئے میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہوگا، اقوام متحدہ کے مرتب کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق میڈیا کو انتہائی غیر جانبدارانہ طور پر الیکشن کی کوریج کرنا ہوگی اور اس ملک کے جغرافیائی پس منظر ،روایت، ثقافت ، مذہب اور رسم و رواج کو بھی ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا۔