صوبے بھر میں تحصیل کی سطح پر سپورٹس گراؤنڈز کی تعمیر آخری مراحل میں

صوبے بھر میں تحصیل کی سطح پر سپورٹس گراؤنڈز کی تعمیر آخری مراحل میں

  

کوہاٹ(بیورو رپورٹ) چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا ضیاء اللہ بنگش ایم پی اے نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پارٹی قائد عمران خان کی ہدایات پر نوجوانوں کو مثبت اور صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے اور انہیں سماجی برائیوں سے دور رکھنے کے لئے صوبے بھر میں تحصیل کی سطح پر سپورٹس گراؤنڈز کی تعمیرآخری مراحل میں ہے جن پرخطیر فنڈز خرچ کیے گے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ڈی اے کوہاٹ میں سپورٹس کمپلیکس پر جاری تعمیراتی کام کامعائنہ کرتے ہوئے کیا جہاں والی بال،ہاکی ، ٹیبل ٹینس اور دیگر گیمز کی سہولیات میسر ہوں گی۔ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ اس کمپلیکس کی تعمیر کا کے ڈی اے کے رہائشیوں سے وعدہ کیا تھا جو کہ اب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔انہوں نے کہاکہ خوشحال پاکستا ن کے لئے صحت مند نسل ضروری ہے اور صحت مند نسل تب پیدا ہوگی جب نچلی سطح پر نوجوانوں کو کھیلوں سمیت دیگر مثبت سرگرمیوں کی سہولیات میسرہوں گی جس کے لئے موجودہ حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ پر بھی برابر کام کررہی ہے تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو اور سب کو بلا تفریق آگے بڑھنے کے مواقع فراہم ہوں۔ایم پی اے نے کہا کہ بحیثیت ایک مایہ ناز عالمی کھلاڑی عمران خان کی توجہ صحت مند نسل پیدا کرنے پر مرکوز ہے اور وہ بارہا اس بات کا اعادہ کرچکے ہیں کہ وہ اپنی نوجوان نسل کی بہتری اور فلاح کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -