طاقت کے نشے میں بھارتی فوج اندھی ہوچکی ہے،اقبال میر

طاقت کے نشے میں بھارتی فوج اندھی ہوچکی ہے،اقبال میر

  

مظفرآباد(بیورورپورٹ)طاقت کے نشے میں بھارتی فوج اندھی ہوچکی ہے،ظلم وبربریت کا بازار مقبوضہ وادی میں گرم ہے،جہاں چوبیس گھنٹوں میں بارہ سے زائد کشمیری نوجوان اور بچے بھارتی درندگی کا نشانہ بنے،جو بھارتی سفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہے،شوپیاں کے علاقہ میں امن پسندآزادی مانگنے والے درجنوں سے زائد کشمیریوں کو زخمی کیا گیا،حریت رہنما مسلسل نظربند ہیں،نوجوانوں کوجیلوں کے اندردھکیلاجارہا ہے،صرف چوبیس گھنٹوں میں بارہ سے زائد نوجوانوں کی شہادت پرعالمی برادری کی خاموش سوالیہ نشان بن چکی ہے،بھارت جنوبی ایشیاسمیت پوری دنیا کے امن کیلئے خطرہ کی گھنٹی ہے،،گزشتہ روزکشمیری یوتھ کے زیر اہتمام بھارتی مظالم کے خلاف منعقدہ مذمتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین محمد اقبال میر،چیف آرگنائزر راجہ عبدالرشید،نائب صدر اشرف تبسم،ڈپٹی سیکرٹری جنرل رضوان احمد میر،سیکرٹری اطلاعات محمد بشیر قریشی نے کیااس موقع پر نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو بھارت کے خلاف نفرت کا اظہار کررہی تھی اور عالمی براداری کی خاموشی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ عالمی برادری دوہرا معیار ترک کرتے ہوئے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے۔اس موقع پر انہوں نے آزادکشمیر بھر کے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تحریک آزادی کشمیر اور مقبوضہ جموں کشمیر کے مظلوم کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف منظم ہو کر آگے بڑھئیں اورکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سیمینارز کا انعقاد کریں زیادہ سے زیادہ سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی گھناؤنے چہرے کودنیا کے سامنے بے نقاب کریں یہ ہمار افرض بھی ہے اور قرض بھی۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے اندر بھارتی فورسز کی وجہ سے نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہے،بھارتی فورسز نے لوگوں کی املاک کو تباہ کرنے سمیت نوجوانوں کو بلاوجہ تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ نسل کشی کررہی ہے جو دنیا کی کوئی بھی طاقت انہیں اجازت نہیں دے سکتی،کشمیری امن پسند قوم ہے جواپنے پیدائشی حق کیلئے احتجاج کرتی ہے جس کا راستہ روکنے کیلئے بھارتی فورسز بے لگام گھوڑا بن کران پر ظلم اور بربریت کا بازارگرم کرتی ہے اس کے باوجود جموں کشمیر کے عوام آزادی کی تحریک کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور جذبہ آزادی بڑھتا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندرکاروبار تباہ ہو رہے ہیں،املاک کو نقصان پہنچایا جارہا ہے،تعلیمی ادارے بند ہیں،مساجد میں نماز پڑھنے نہیں دیا جارہا ،گھروں کو جلایا جارہا ہے اورساتھ ساتھ کشمیریوں کی نسل کشی ایک منظم سوچی سمجھی سازش ہے لیکن کشمیر کے عوام بھارت کو یہ باور کروارہے ہیں کہ خون کا آخری قطرہ تک آزادی کیلئے بہا دیں گے،بھارت خوش فہمی میں نہ رہے انشاء اللہ آزادی کشمیریوں کو مل کر رہے گی۔انہوں نے شہیدکمانڈر صدام پڈر،عادل احمد ملک،بلال احمد مہند،توصیف احمد،محمد رفیع،آصف احمد میر ودیگر شہداء نے اپنا گرم گرم لہودیکر تحریک آزادی کشمیر کو جلابخشی ہے،سفاک وبزدل بھارتی فورسز کی ریاستی دہشتگردی میں شہید ہونے والے مجاہدین کو سلام پیش کرتے ہیں ان شہیدوں کوآزادی اور پاکستان کے گرجدارنعروں کی گونج میں آسودہ خاک کیا گیا۔اس موقع پر کشمیر کی آزادی،شہدائے کشمیر،شہداء افواج پاکستان کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -