جماعت اسلامی نے ہرتحریک میں ہراول دستے کا کردار اداکیا،اسداللہ بھٹو

جماعت اسلامی نے ہرتحریک میں ہراول دستے کا کردار اداکیا،اسداللہ بھٹو

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے کارکنان نے ختم نبوت تحریک سے لیکر آج تک ملک میں جمہوریت اور اسلامی انقلاب کیلئے ہر تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، کرپشن، بدعنوانی، بیروزگاری،نفرتوں،مسلکی اور لسانی جماعتوں، غیرملکی آقاؤں کے اشاروں پر ملک کا بیڑہ غرق کرنے والے حکمرانوں کیخلاف ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے لسانی،قومی تعصبات کا خاتمہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے صوبائی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک جھنڈے، ایک نعرے اور ایک پلیٹ فارم پر ملک اور عوام کے مسائل کا حل صرف دیانتدار قیادت ہی کرسکتی ہے جس کے کسی رہنماء پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ہے۔ نوا ز شریف ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کا نعرہ تو لگاتے ہیں لیکن ووٹرز کی عزت کرنے کو تیار نہیں، غیر منتخب فرد سے بجٹ پیش کروانے سے لیکر عوام سے جھوٹے وعدووں اور نعروں کے ذریعے ووٹ لیکر ان کے مسائل حل نہ کرنا بھی ووٹ کی بے عزتی ہے، جب تک اس ملک میں طبقاتی اور وی آئی پی نظام موجود ہے عام آدمی کے مسائل حل نہیں ہونگے، سندھ کے اندر عام آدمی انتہائی مشکل حالات سے دوچار ہے جہاں پر تمام بنیادی ضروری انسانی سہولیات بھی ناپید ہیں، صاف پانی تک بھی میسر نہیں جبکہ حکمران ٹولہ اپنی دولت کو بچانے کیلئے ملکی اداروں پر تنقید اور تحضیک کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ 13مئی کو مینار پاکستان پر متحدہ مجلس عمل کا جلسہ عام عوام کیلئے امید کی کرن ثابت ہوگا،انشااللہ ایم ایم اے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے قوم اور امت کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -