جنوبی پنجاب : 3ڈویژنوں میں ملازمتوں کاکوٹہ 5سال بعد بحال , منظوری دیدی گئی
لاہور( ویب ڈیسک )وزیراعلیٰ شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کے اجلاس میں جنوبی پنجاب کے 3ڈویژنوں میں ملازمتوں کاکوٹہ 5سال بعد بحال کرنے کی منظوری دیدی گئی۔بہاولپور ،ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنوں کے ساتھ بھکر اورمیانوالی کے اضلاع میں سرکاری ملازمتوں کا 20فیصد کوٹہ کردیا گیا ہے۔
یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں کلک کریں
شہباز شریف نے کہاکہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بے مثال اقدامات کیے ہیں۔ 31 فیصد آبادی کے مقابلے میں 36 فیصد وسائل کی فراہمی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح اورترقی انہیں بے حد عزیز ہے اورجنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے آئندہ بھی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔اجلاس میں صوبائی کابینہ نے پنجاب کول مائننگ کمپنی کا نام تبدیل کر کے پنجاب منرل کمپنی رکھنے کی منظوری دی جبکہ آزاد کشمیر کو رمضان پیکیج کے ذریعے سستی گندم دینے کی بھی منظوری دی گئی۔پنجاب کابینہ کا گزشتہ روز طلب کیا گیا ہنگامی اجلاس 20منٹ جاری رہا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت اور جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر ملک محمد آصف بھا، ارکان اسمبلی سید حسین جہانیاں گردیزی اورحاجی احسان الدین نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ اس موقع پرشہباز شریف نے کہاآئندہ انتخابات میں عوام کی خدمت ہی کامیابی کا پیمانہ ہوگا۔تبدیلی کے دعویدار خیبرپختونخوا میں کوئی بھی قابل ذکر منصوبہ مکمل نہ کرسکے۔ شہبازشریف سے ملاقات کے بعد سردار کامل عمر اور سردار عاقل عمر نے تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار عادل عمر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
شہبازشریف نے سردار کامل عمر اور سردار عاقل عمر کو مسلم لیگ (ن) میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوامی خدمت کی سیاست ہے اور مسلم لیگ (ن) آج پاکستان کی سب سے مقبول ترین جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے قوم سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے اور آئندہ الیکشن میں باشعور عوام خدمت کی سیاست کو کامیاب کرائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار عادل عمر نے کہا کہ ہم تینوں بھائی آپ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ قابض فورسز نہتے کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیل رہی ہیں عالمی برادری کو ان مظالم کا نوٹس لینا چاہئے۔ تھیلے سیمیا سے بچائوکے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں شہباز شریف کہاکہ اس دن کے منانے کامقصد عوام میں تھیلے سیمیا کے مرض سے بچائو اور روک تھام کے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔