عمران خان نواز شریف پر جادوکراتے ہیں: عابد شیر علی
لاہور (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے پاور ڈویژن عابد شیر علی نے کہا ہے کہ احسن اقبال پر حملے سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی، ملک کا وزیر داخلہ بھی محفوظ نہیں، دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد صحت یاب کرے، عمران خان پہاڑوں پر جا کر نوازشریف پر جادو کراتے ہیں۔
یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں کلک کریں
سیاست کو سیاست تک رکھیں آگے نہ بڑھائیں، سیاست کو دینی رنگ نہ دیا جائے، ہم سب محب وطن پاکستانی اور سچے مسلمان ہیں، ہم اللہ اور اس کے رسولﷺ کے ماننے والے ہیں، ہمیں کسی دینی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، تمام لوگوں کو میچورٹی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
پیر کو لاہور کے سروسز ہسپتال میں وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ یہ حملہ احسن اقبال پر نہیں پاکستان کے عوام پر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پہاڑوں پر جا کر نوازشریف پر جادو کراتے ہیں ، ہم نہ پہلے انتخابات سے بھاگے ہیں اور نہ اب بھاگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف تو گلی گلی کوچہ کوچہ جا رہا ہے، عمران خان اگر پورے پاکستان سے چند ہزار لوگوں کو مینار پاکستان پر جمع کرتا ہے تو یہ تحریک یا جلسہ نہیں کہلاتا۔ جلسے تو نواز شریف کر رہے ہیں اور کھلے عام کر رہے ہیں اور بے خوف وخطر کر رہے ہیں۔