سابق وزیراعظم نواز شریف وزیر داخلہ کی عیادت کے لیے سروسز ہسپتال پہنچ گئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیر اعظم نواز شریف وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کیلیے سروسز ہسپتال پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف احسن اقبال کی عیادت کے لیے لاہور سروسز ہسپتال پہنچ چکے ہیں۔اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات نے سروسز ہسپتال جا کر قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کی۔ انہوں نے وزیر داخلہ احسن اقبال کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ پر قاتلانہ حملے کے بعد سے پولیس متحرک ہو گئی ہے۔پولیس نے شکر گڑھ میں چھاپے مار کر مذہبی جماعت کے 8 سے زائد کارکنان اور رہنماوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد کو مختلف تھانوں میں رکھا گیا ہے۔ پولیس نے تحریک لبیک سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کے سرگرم کارکنوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر رکھا ہے۔