شاہ سلمان ریلیف مرکز کی یمن کے لیے ’’ ڈبلیو ایچ او ‘‘کے ذریعے آکسیجن سٹیشنوں کی امداد

شاہ سلمان ریلیف مرکز کی یمن کے لیے ’’ ڈبلیو ایچ او ‘‘کے ذریعے آکسیجن ...
شاہ سلمان ریلیف مرکز کی یمن کے لیے ’’ ڈبلیو ایچ او ‘‘کے ذریعے آکسیجن سٹیشنوں کی امداد

  

ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے شاہ سلمان انسانی امداد مرکز نے عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کے ذریعے یمن کے جنوبی شہر عدن میں زندگی بچانے والے11 آکسیجن سٹیشنز مہیا کردئیے ۔

میڈیارپورٹس کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہاگیاکہ یہ گیس سٹیشن سعودی عرب کی امدادی تنظیم کی مہیا کردہ امداد سے ہی یمن بھیجے جاسکے ہیں ،ان میں سے 7 عدن کی بندرگاہ پر پہنچ چکے ہیں اور اب متعلقہ ہسپتالوں میں ان کی تنصیب کا کام باقی رہ گیا ہے۔یمن میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر نیویو زاگاریا نے اس خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جنگ زدہ ملک میں مراکزِ صحت میں بنیادی سہولتوں اور ضروریات کا فقدان ہے۔عالمی ادارہ صحت ادویہ ، طبی سامان ، ایندھن ، پانی اور آکسیجن سٹیشنوں کی طرح کے آلات ترجیحی بنیاد پر ہسپتالوں کو بھیج رہا ہے۔

ڈبلیو ایچ او اب ان نئے آنے والے سٹیشنوں کی تنصیب کے لیے عدن میں11نئے آکسیجن سٹیشن گھروں کی تعمیر کی منصوبہ بندی کررہا ہے ۔زندگی بچانے والے ان آلات کی متحدہ عرب امارات کی انجمن ہلال احمر ، او ایف ڈی اے اور عالمی بنک کی معاونت سے تنصیب کی جائے گی۔ڈاکٹر زاگاریا کا کہنا تھا کہ یمن میں جاری لڑائی کو 4 سال ہونے کو ہیں اور یمنی عوام کو بنیادی حفظانِ صحت کی خدمات تک رسائی نہیں ہے۔ملک کے نصف سے زیادہ مراکز صحت اور ہسپتال مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوچکے ہیں،یا وہ فعال نہیں رہے ہیں اور اب پہلے سے کہیں زیادہ لوگ کا وبائی امراض کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔

مزید :

عرب دنیا -