دھوکے سے شادیاں کرنے والے چینی باشندے

دھوکے سے شادیاں کرنے والے چینی باشندے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے) کے کرائمز ونگ نے انسانی سمگلروں کے ایک بڑے گروہ کا سراغ لگا کر قریباً دس چینی باشندوں اور چار پاکستانیوں کو گرفتار کیا ہے،جو شادی کا ڈھونگ رچا کر نوجوان لڑکیوں کو چین سمگل کراتے اور وہاں ان سے عصمت فروشی کرائی جاتی،ان کے اعضاء نکال کر فروخت کئے جاتے اور ان کو غلامی کی زندگی گزارنے پر مجبور کر دیا جاتا، یہ گروہ لاہور اور فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا، ابھی تفتیش جاری ہے اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ یہ دھندا کب سے جاری ہے اور اب تک کتنی پاکستانی لڑکیاں دھوکے سے بھیجی جا چکی ہیں،اِس سلسلے میں سوشل میڈیا پر بعض بچیوں کے والدین کی دہائی سنائی دی،جس میں اس دھوکے کا انکشاف کیا گیا تھا۔ ایف آئی اے کی کارروائی سے بڑے سکینڈل کا انکشاف ہوا ہے۔حیرت انگیز بات ہے کہ یہ دھندا ہوتا رہا، بچیوں کے والدین بھی جھانسے میں آتے رہے اور لالچ میں بچیوں کو جہنم میں جھونکتے رہے۔اب پچھتا بھی رہے ہیں،اس سکینڈل نے ایک زبردست تشویش کی لہر دوڑا دی ہے اور یہ بھی افسوسناک ہے کہ چینی نوجوان ملوث ہیں اور یہ سارا دھندا جعلی دستاویزات کے ذریعے ہوتا تھا، حتیٰ کہ نکاح نامے اور اجازت تک کے کاغذات جعلی تیار کئے جاتے تھے۔اب حکومت ِ پاکستان کے لئے لازم ہو گیا ہے کہ اس گروہ کی کارستانیوں کی پوری معلومات حاصل کر کے چینی حکومت سے سفارتی رابطہ کرے اور اس قبیح جرم اور حرکت کی بیخ کنی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں،چین کے بارے میں یہ مشہور ہے کہ وہاں جرائم کی سخت سزائیں مقرر ہیں تو پھر بہتر یہی ہو گا کہ یہ فیصلے بھی چینیوں ہی سے کرائے جائیں تاکہ ملزموں کو قرار واقعی سزا مل سکے۔

مزید :

رائے -اداریہ -