عوامی شکایات پر فوری ایکشن لینا حکومت کی ترجیح ہے: چودھری اکرم
لاہور (سٹی رپورٹر) سیاسی مشیر وزیراعلیٰ پنجاب و چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی چودھری محمد اکرم نے کہا ہے کہ عوام کی شکایات سن کر ان کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حکومت پنجاب کی پوری مشینری اس پر مکمل طور پر عملدرآمد کرنے کیلئے پوری طرح سے محنت کر رہی ہے۔ رمضان بازار کا دورہ کرتے وقت چودھری محمد اکرم کا شکایات درج کروانے والے لوگوں سے کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کی مشکل پیش آنے کی صورت میں آپ کا فرض ہے کہ آپ شکایت کو ہم تک پہنچائیں اور ہمیں اس شکایت کا ازالہ کرنے کا موقع دیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں سے چینی کی کمی کی شکایات موصول ہوئیں تھیں جنہیں حکومت پنجاب نے ہنگامی بنیادوں پر حل کرکے تمام بازاروں میں چینی کی دستیابی کو یقینی بنایا ہے۔ گرین ٹاؤن رمضان بازار اور ٹاؤن شپ مارکیٹ کا دورہ کرتے ہوئے حکومت کے مقرر کردہ نرخوں سے اوپر ریٹ لینے والے دکانداروں کو سخت انتباہ کے ساتھ ساتھ نقد جرمانے بھی کئے گئے۔ انہوں نے رمضان بازار انتظامیہ کو حکم جاری کیا کہ جن اسٹالز پر عوام کی قطاریں زیادہ لمبی ہیں وہاں قطاروں کی تعداد بھی فوری بڑھائی جائے۔