حکومت پاکستانی فرنیچر کی عالمی مارکیٹوں میں رسائی کیلئے مددکرے

حکومت پاکستانی فرنیچر کی عالمی مارکیٹوں میں رسائی کیلئے مددکرے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نیوزرپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کے معیاری اور کلاسیکل فرنیچر کی بین الاقوامی مارکیٹوں میں رسائی اور اس کی برآمد کے پوٹینشل سے استفادہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس شعبہ کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کرے گی۔ انہوں نے یہ بات پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جو فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے سربراہ بھی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ایسے ہنر مند، دستکار اور دیگر ماہرین موجود ہیں جو ہاتھ سے دنیا کا بہترین فرنیچر تیار کرتے ہیں جس کی عالمی مارکیٹ میں بہت زیادہ مانگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کیلئے ماحول کافی سازگار ہوا ہے اور یہ انتہائی خوش آئند ہے کہ پی ایف سی کاروباری روابط کے ذریعے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے نوجوان بزنس مین پاکستان کا عظیم اثاثہ ہیں، انہیں بیرون ملک پاکستانی برانڈز کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور مکمل ہوم ورک کے ساتھ متعلقہ ممالک کے دورے کرنے چاہئیں تاکہ وہ بہتر نتائج حاصل کرسکیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (ایف آئی ای ڈی ایم سی) کا چارج سنبھالنے پر میاں کاشف اشفاق کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی کہ حکومت ایف آئی ای ڈی ایم سی کے مقاصد کے حصول اور ملک بھر میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے ہر طرح سے تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ میاں کاشف اشفاق کی متحرک قیادت اور رہنمائی میں ایف آئی ای ڈی ایم سی کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔ میاں کاشف اشفاق نے ایف آئی ای ڈی ایم سی کے چیئر مین کے طور پر اعتماد کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کی رہنمائی اور ویژن کے مطابق پاکستان میں بیمار کی صنعتوں کی بحال کرنے کے لئے اپنی توانائیوں کا بھر پور استعمال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی ای ڈی ایم سی صوبے میں تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے اور کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے وزیراعظم کو یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ ملک بھر کی کاروباری برادری اصلاحاتی ایجنڈا کے نفاذ اور موجودہ اقتصادی چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے حکومت کی مکمل حمایت کرے گی۔ میاں کاشف اشفاق نے پناہ گاہ منصوبے کے ذریعے معاشرے کی پسے ہوئے اور محروم طبقے کیلئے سہولت فراہم کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کو سراہتے ہوئے اسے اسلامی اصولوں کے مطابق پاکستان کو فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کی طرف ایک اچھا آغاز اور بڑا قدم قرار دیا۔ وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق، وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن، مرکزی نائب صدر پی ٹی آئی، چوہدری محمد اشفاق اور ایم این اے عاصم نذیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

کامرس -