پٹرول کی قیمت میں بھاری اضافہ فوری واپس لیاجائے‘ فاؤنڈرزگروپ
لاہور(پ ر)فاؤنڈرز گروپ کے لیڈر اور ایوان صنعت و تجارت لاہور کے سابق سینئر وائس پریذیڈنٹ خواجہ خاور رشید نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں بھاری اضافہ فوری طور پر واپس لے کیونکہ یہ بزنس کمیونٹی اور عوام کو مزید بدحال کردے گا۔ ایک بیان میں خواجہ خاور رشید نے کہا پٹرولیم پروڈکٹس کی قیمتوں میں بھاری اضافے نے یہ صاف ظاہر کردیا ہے کہ نہ تو حکومت بزنس کمیونٹی کی ترقی میں دلچسپی رکھتی ہے اور نہ ہی اکانومی کو سنبھالنا اس کے بس میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوچے سمجھے بغیر پٹرولیم پروڈکٹس کی قیمتوں میں اتنا بھاری اضافہ کردیا گیا ہے۔ پٹرولیم پروڈکٹس بزنس کمیونٹی اور عوام دونوں کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہیں۔ تجارتی مصنوعات اور خام مال کی آمد و رفت مہنگی ہونے سے ایکسپورٹس پر برے اثرات مرتب ہونگے-
جو پہلے ہی تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہا کہ پٹرولیم پروڈکٹس جیسی اہم کموڈٹی کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کرکے اکانومی کو کنٹرول نہیں کیا جاسکتا لہذا حکومت فوری طور پر ان کی قیمتوں میں کمی لائے اور اکانومی کنٹرول کرنے کے لیے ٹھوس پلاننگ کرے۔