جعلی اکاؤنٹس کیس میں پانچواں ریفرنس دائر، آصف زرداری کل نیب طلب 

جعلی اکاؤنٹس کیس میں پانچواں ریفرنس دائر، آصف زرداری کل نیب طلب 

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے پانچواں ریفرنس اسلام آباد احتساب عدالت میں دائر کر دیا۔ ریفرنس میں اومنی گروپ کے عبدالغنی مجیداور سیکر یٹری سندھ حکومت اعجاز خان کو مرکزی ملزم نامزدکیا گیا ہے۔ نیب ریفرنس میں کہا گیاکہ سندھ حکومت کے افسران نے ہاش کمپنی اور اومنی گروپ کو غیر قانونی ٹھیکے دیئے۔ ریفرنس میں کہاگیا ہے کہ اے جی مجید نے مناہل مجید کے نام پر بے نامی جائیداد بنائی۔ نیب ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ ڈی ایچ اے میں کرپشن کے پیسوں سے بنایا گیا قیمتی پلاٹ منجمد کر دیا گیا ہے۔

پانچواں ریفرنس

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش کے سلسلے میں آصف زرداری کو 9 مئی کو طلب کرلیا۔سابق صدر نے پیشی سے قبل ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ، آج بدھ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر درخواست دائر کریں گے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں ایک اور ریفرنس تیار کیا ہے جس میں سابق صدر آصف زرداری کو پوچھ گچھ کیلئے 9 مئی بروز جمعرات کو طلب کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری کو ہریش اینڈ کمپنی کیس میں بلایا گیا ہے جس کیلئے انہیں جے آئی ٹی کی جانب سے طلبی کا نوٹس بھجوادیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ہریش اینڈ کمپنی نے سندھ اسپیشل انیشی ایٹو سے واٹر سپلائی کا ٹھیکہ لیا تھا لیکن اس منصوبے پر کوئی کام نہیں ہوا بلکہ کمپنی کے اکاؤنٹ سے نوڈیرو ہاؤس کے اخراجات چلائے جاتے رہے۔نیب حکام کے مطابق ہریش اینڈ کمپنی پارک لین کمپنی کی فرنٹ کمپنی تھی اور اس کیس میں قومی خزانے کو 60 ملین روپے کا نقصان ہوا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق سیکریٹری سپیشل انیشی ایٹو اعجاز احمد خان اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کردیا گیا ہے۔  علاوہ ازیں سابق صدر آصف زرداری  کی غیر قانونی ٹھیکوں  کے کیس میں نیب طلبی، پیشی سے قبل  ضمانت کے لئے  اسلام آباد ہائیکورٹ  سے رجوع  کرنے کا فیصلہ، آج بدھ  کو ذاتی حیثیت  میں پیش ہو کر  درخواست  دائر کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر  آصف زرداری  نے نیب کی جانب سے غیر قانونی  ٹھیکوں  کے کیس میں طلب کئے جانے کے بعد  نیب میں پیشی  سے قبل اسلام آباد  ہائیکورٹ  سے رجوع  کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔  آصف زرداری  آج اسلام آباد  ہائی کورٹ  میں ضمانت کی درخواست  دائر کریں گے۔  سابق صدر  آصف زرداری  ذاتی حیثیت   میں پیش  ہو کر پانچویں انکوائری  میں درخواست ضمانت دائر  کریں گے  آصف زرداری  ضمانت کی درخواست  دائر کرنے کا فیصلہ نیب کے نئے نوٹس  کے بعد کیا گیا ہے۔

زرداری طلب

مزید : صفحہ اول