”رد و بدل ہو رہاہے ایف بی آر اور گورنر سٹیٹ بینک کا ، آپ کیا سمجھتے ہیں “صحافی نے یہ سوال کیا تو آگے سے اسد عمر نے انتہائی حیران کن جواب دیدیا
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )حکومت نے چند دن پہلے اچانک گورنر سٹیٹ بینک کو تبدیل کر دیاہے جس حوالے سے چہ مگوئیاں جاری ہیں تاہم رضا باقر نے اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں جبکہ اس سے قبل اسد عمر بھی وزارت تبدیل کیے جانے پر کابینہ سے استعفیٰ دے چکے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر خزانہ کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے اور عدالت جاتے ہوئے ان کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں صحافی ان سے سوالات کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں ۔ صحافیوں کی جانب سے اسدعمر سے سوال کیا گیا کہ ” ردوبدل ہو رہاہے ، ایف بی آر اور سٹیٹ بینک میں ، آپ کیا سمجھتے ہیں کہ اگر آپ اس طرح کی تبدیلی کردیتے تو آپ کو نہ نکالا جاتا “ ۔ اسد عمر صحافی کی جانب سے سوال سنتے ہوئے مسلسل مسکراتے رہے اور جواب دیا کہ ”اسلام آباد کے سیکٹر ای 12 کا دیرینہ مسئلہ حل ہونے جارہاہے اور میں آپ کو صرف اتنا ہی بتا سکتاہوں ۔“
یاد رہے کہ کل اسد عمر جس وقت عدالت پہنچے تو انہیں شناختی کارڈ نہ ہونے پر اندر جانے سے روک دیا گیا جبکہ ان کے ہمراہ ایک اور شخص بھی تھا ، بعدا زاں انہیں شناختی کارڈ دکھانے پر عدالت کے اندر داخل ہونے کی اجازت دیدی گئی۔