پاکستان اور انگلینڈ کا میچ آج کتنے بجے شروع ہو گا؟ ’روزہ دار‘ کرکٹ شائقین کیلئے خوشخبری
اوول (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج اوول کے تاریخی میدان میں کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بجے شروع ہو گا۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم متوازن ہے اس لئے سیریز میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، انگلینڈ کو شکست دے کر اعتماد کیساتھ میگاایونٹ میں اترنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم انگلینڈ کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ورلڈ کپ سے قبل ٹیم زیادہ سے زیادہ اعتماد حاصل کرنا چاہتی ہے، کوشش کریں گے کہ اچھی سے اچھی کرکٹ کھیلیں۔
کپتان نے کہا کہ دنیا کی دو بہترین ٹیموں کی سیریز میں بیٹنگ اور باﺅلنگ کے ساتھ فیلڈنگ ہی فرق ڈالتی ہے اور ٹی 20 میچ میں ہماری فیلڈنگ معیاری نہیں تھی، اس خامی کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ سرفراز نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم مضبوط ہے اور سوا سال سے بہت اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے لیکن ہم کوشش کریں گے کہ سخت مقابلے کیلئے اچھا کھیل پیش کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کو گزشتہ دونوں ون ڈے سیریز میں شکست سامنا کرنا پڑا، پہلے جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 2-3 سے شکست ہوئی اور پھر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 0-5 کی شرمناک شکست سے دوچار ہونا پڑا اور اب ورلڈکپ سے پہلے یہ پاکستان کی آخری ون ڈے سیریز ہے۔