اسد عمر وزارت لینے سے انکاری لیکن کون سا عہدہ قبول کرنے پر رضا مندی ظاہر کر دی ؟ سب سے بڑی خبر آ گئی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )حکومت نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا چیئرمین لگانے کا فیصلہ کر لیاہے جس پر انہوں نے رضامندی ظاہر کر دی ہے ۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیاہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسد عمر کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے انہیں کابینہ میں واپسی کیلئے منانے کی کوشش کی لیکن وہ مسلسل انکار کر تے رہے تاہم انہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی چیئرمین شپ پر رضامندی ظاہر کر دی ہے ۔ اسد عمر کی رضا مندی کے بعد عمران خان نے چیف وہیپ عامر ڈوگر کو ہدایات جاری کر دی ہیں ۔ وزیراعظم کی جانب سے ہدایت ملنے پر چیف وہیپ نے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو صورتحال سے آگاہ کر دیاہے ۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی جس سے قبل پارلیمنٹ میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس دوران اراکین اسمبلی نے غیر منتخب افراد کو بڑے عہدوں پر تعینات کر نے پر تحفظات کا اظہار کیا جسے وزیراعظم عمران خان نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے یہ فیصلے ضروری تھے ۔