نواز شریف کی جیل واپسی کی اتنی زیادہ خوشی؟ حمزہ شہباز کی ایسی تصویر سامنے آگئی کہ آپ کی بھی ہنسی نہ رکے گی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ضمانت ختم ہونے پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے نواز شریف کی جیل منتقلی کے موقع پر ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں مرکزی رہنماﺅں کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ نواز شریف کو جس گاڑی میں جیل منتقل کیا گیا اس کی ڈرائیونگ مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف کر رہے تھے جن کی ایک ایسی تصویر منظر عام پر آگئی ہے کہ سوشل میڈیا پر طرح طرح کے تبصرے شروع ہوگئے ہیں۔
نواز شریف کو جس گاڑی میں کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کیا گیا اس میں مریم نواز اور پرویز رشید بھی موجود تھے تاہم ڈرائیونگ سیٹ پر مسکراتے ہوئے حمزہ شہباز کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔ تصویر میں حمزہ شہباز ہنستے ہوئے نظر آرہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ فرنٹ سیٹ پر بیٹھے نواز شریف مغموم نظر آرہے ہیں۔ تصویر منظر عام پر آنے کے بعد لوگوں کی جانب سے اس پر طرح طرح کے تبصرے کیے جارہے ہیں۔
ڈاکٹر افضال احمد نے تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جیل جانے اور لے جانے والے کے تاثرات چہروں سے صاف ظاہر ہورہے ہیں ، نواز شریف کی بربادی میں زیادہ ہاتھ شہباز شریف اوراس کے بیٹے حمزہ شہباز کا ہے۔
اینکر پرسن مبشر لقمان نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ تصویر کی جانب دلائی اور کہا ’ جیل جانے والے اور جیل لے جانے والے کے چہرے کے تاثرات دیکھیں۔
نیوز کاسٹر سمیرا مرزا نے لکھا ’ تصویریں بولتی ہیں، حمزہ شہباز کے چہرے کے تاثرات بتارہے ہیں کہ وہ نواز شریف کو واپس جیل پہنچا کر کتنا خوش ہے‘۔
حماد تنولی نے لکھا ’ حمزہ شہباز کے چہرے پر خوشی دیکھ کر ایسے لگتا ہے جیسے بیگم سے پریشان کوئی شوہر اسے میکے چھوڑنے جارہا ہو‘۔
ٹوئٹر پر حمزہ شہباز کی اس تصویر کے حوالے سے سب سے زیادہ جو ٹویٹ مشہور ہوا وہ اس ٹرینڈ سے متعلق تھا جو منگل کے روز ٹوئٹر پر چلتا رہا ہے ’ نکا نس گیا وڈا پھس گیا‘۔مختلف صارفین نے لکھا ” حمزہ شہباز اور نواز شریف کے چہروں کے تاثرات اس ٹرینڈ ’ نکا نس گیا وڈا پھس گیا‘ کی حقیقت پر مہر لگا رہے ہیں“۔