توانائی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں:مخدوم خسرو بختیار

توانائی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ...
 توانائی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں:مخدوم خسرو بختیار

  

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں توانائی کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں توانائی سے متعلق 3 منصوبے پیش کیے گئے جس میں پہلا منصوبہ اسلام آباد ، لاہور ، ملتان ، پشاور ، کوئٹہ میں پٹرولیم ٹیسٹنگ سہولیات کی اپ گریڈیشن اور اسلام آباد میں پٹرولیم ٹیسٹنگ لیبارٹری کی آئی ایس او سرٹیفکیشن کے لیے 293.614 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔ توانائی کا دوسرا منصوبہ ڈسٹرکٹ آواران، تحصیل مشکی میں 132کے وی گرڈ سٹیشن اور 132 کے وی ایس ٹی ڈی نال مشکی ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کے لیے 1193.39 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س میں منظور کر لیا گیا۔ توانائی کا تیسرا منصوبہ ڈسٹرکٹ نوشہرو فیروز سندھ میں 500 کے وی مورو گرڈ سٹیشن کے لیے 5404.19 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو مزید منظوری کے لیے ایکنک بھجوا دیا گیا۔ اجلاس میں 510 ارب کی لاگت کا داسو ہائیڈل پاور کا پراجیکٹ کا پوزیشن پیپر مزید منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد