بلاول آئی ایم ایف بارے پریشان نہ ہوں،جواب دیں ایان علی کے ساتھ ان کا مشترکہ اکاؤنٹ حسنِ اتفاق ہے:فردوس عاش اعوان

بلاول آئی ایم ایف بارے پریشان نہ ہوں،جواب دیں ایان علی کے ساتھ ان کا مشترکہ ...
بلاول آئی ایم ایف بارے پریشان نہ ہوں،جواب دیں ایان علی کے ساتھ ان کا مشترکہ اکاؤنٹ حسنِ اتفاق ہے:فردوس عاش اعوان

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول آئی ایم ایف کے بارے میں پریشان نہ ہوں، سندھ حکومت کی مالی بے ضابطگیوں اور صوبائی خزانے پر ڈاکہ زنی کا جواب دیں،بلاول اندرون سندھ میں ایڈز سے متاثرہ سسکتے افراد اور خاندانوں کو تسلی دینے کیوں نہیں گئے؟۔

نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے  کہا کہ وفاق کی جانب سے دیے گئے اربوں روپے ہضم کرکے ڈکار تک نہ لینے والے وفاق سے کس بات کا گلہ کر رہے ہیں؟ لانچوں اور گھروں سے جو پیسہ برآمد ہوا وہ قوم کا پیسہ ہے،اسے واپس کرنا ہو گا،دونوں سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو دھوکہ دینے کی تاک میں رہتی ہیں، جس کا پہلے داؤ  لگ جائے دوسرا روتا رہتا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بلاول بھٹو کے چیئرمین پبلک اکاوئنٹس کمیٹی کے حوالے سے بیان پرتبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اعلی اداروں میں خدمات سر انجام دینے والے قابل اور ذہین پاکستانیوں پر اپنے ملک کے دروازے بند نہیں کر سکتے،عمران خان کے نئے پاکستان میں صلاحیتوں کی قد رکی جاتی ہے، بلاول جواب دیں کہ ان کا اور ایان علی کا مشترکہ اکاؤنٹ کیا حسن اتفاق ہے؟ ۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ بے دردی سے قوم کو لوٹنے والے آج مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں،اِنہوں نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیےبھوک, بیماری اور بیروزگاری کو سندھ کے عوام پر مسلط کیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ نوجوان نسل سے تعلق ہونے کے ناطے قوم کو آپ سے نئی سوچ کی توقع تھی مگر افسوس کہ آپ نے خود کو کرپشن کے دفاع پر مامور کر لیا،بھٹو کا وارث بننے کے لئے آپ کو کرپشن سے ناطہ توڑنا ہو گا۔

مزید : قومی