لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار نرم کرنے کا فیصلہ اجتماعی مشاورت سے کیا گیا: عثما ن بزدار

      لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار نرم کرنے کا فیصلہ اجتماعی مشاورت سے کیا گیا: عثما ن ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار نرم کرنے کافیصلہ اجتماعی مشاورت سے کیاگیاہے اورعام آدمی کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے متفقہ فیصلے کئے گئے ہیں۔پنجاب حکومت نے وفاق اوردیگر صوبوں کے ساتھ اتفاق رائے سے فیصلے کئے ہیں -کنسٹرکشن سے منسلک صنعتوں اور متعلقہ دکانوں کو کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیاہے-ہفتے سے مزید صنعتوں اور متعلقہ کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی- پائپ ملز، سرامکس، سینٹری ویئر ز، پینٹس، الیکٹریکل کیبلز، سوئچ بورڈز، سٹیل، ایلومینیم کی صنعتوں اور دکانوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی- ہارڈویئر سٹورکو بھی اوپن کیا جارہاہے-صوبے میں چھوٹی مارکیٹیں اور چھوٹی دکانیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے- چھوٹی مارکیٹیں اور چھوٹی دکانیں صبح فجر سے شام 5بجے تک کھلی رہیں گی- اوپن ہونے والی چھوٹی مارکیٹیں اورچھوٹی دکانیں ہفتے میں 2دن بند رہیں گی-2دن بندش کا اطلاق پہلے سے کھولی گئی فارمیسی، میڈیکل سٹورز،دودھ دہی کی دکانوں،کریانہ سٹوروں، تندوروں،بیکریوں اور دیگردکانوں پر نہیں ہوگا-انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں کی او پی ڈیز کو بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے- اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیاہے کہ تعلیمی ادارے 15جولائی تک بند رہیں گے اوربورڈ کے امتحانات کوبھی ختم کر دیا گیا ہے- 9ویں،10ویں، 11ویں اور 12ویں جماعت میں پروموشن گزشتہ برس کے رزلٹ پر ہوگی-انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے کے تناظر میں شہریو ں کو حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا-صوبے کے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بھی بنانا ہے اور عام آدمی کے مسائل بھی حل کرنے ہیں -عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں - شہری جتنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اتنا ہی کورونا سے محفوظ رہیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرمین وسیم اختر رامے نے ملاقات کی، جس میں کورونا وباء کے تناظر میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وطن واپس آنے والے مسافروں کو دوران قرنطینہ فراہم کی جانے والی سہولتوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں مسافروں کو ٹیک اوے کھانا منگوانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ مسافر دوران قیام آرڈر پر کھانا منگوا سکیں گے جبکہ ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں غیر معیاری اور مہنگے داموں کھانے کی شکایت پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا سے مختلف ممالک میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پراظہار تعزیت کیا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کورونا وباء اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ ثقافتی اور ادبی تنظیموں و اداروں کیلئے خصوصی گرانٹ کے اجراء کی منظوری دیتے ہوئے محکمہ اطلاعات و ثقافت کو منظورشدہ فنڈز ثقافتی اور ادبی تنظیموں و اداروں کوجلد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ صورتحال بہتر ہونے پر صوبے میں ثقافتی و ادبی سرگرمیوں کو پہلے سے زیادہ فروغ دیا جائے گا۔مزید برآں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ملتان کے تھانہ شاہ شمس کی حدود میں بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او ملتان سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے خانیوال کے علاقے کبیر والا میں اغوا کے بعد نوجوان پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خانیوال سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے صدارتی ایوارڈ یافتہ نامورچولستانی مارواڑی لوک گلوکار کرشن لال بھیل کے ا نتقال پر گہرے دکھ او رافسوس کا اظہارکیاہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کرشن لال بھیل کی لوک گلوکاری میں خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -