بہترین لاک ڈاؤن وفاقی حکومت نے سبوتاژ کیا: بلاول بھٹو

  بہترین لاک ڈاؤن وفاقی حکومت نے سبوتاژ کیا: بلاول بھٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بدقسمتی سے ابتدائی طور پر نافذ ہونیوالے بہترین لاک ڈاؤن کو وفا قی حکومت نے سبوتاژ کردیا، فرنٹ لائن ورکرز کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، ہم ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی ہسپتالوں کی نجکاری کی مخالفت کرتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی طبی تنظیموں کے نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے کہا وفاقی حکومت کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں شہید ہونیوالے طبی عملے کے افراد کیلئے پیکج کے اعلان کیساتھ ان کے اہلخانہ کو نوکریاں بھی دے۔وفاقی حکومت پنجاب کے روکے ہوئے فنڈز جاری اور عالمی مالیاتی اداروں کی امداد کا حصہ بھی فراہم کرے۔ بلاو ل بھٹو کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ڈاکٹروں کو دیہاڑی پر رکھا جانا افسوسناک ہے،لہٰذا انہیں فوری مستقل کیا جائے اور پنجاب میں سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کرنیوالے ڈاکٹروں کیخلاف اٹھا ئے جانیوالے انتقامی اقدامات کو واپس لیا جائے۔ یہ وفاقی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بحران کے موقع پر تمام صوبوں کی مدد کرے۔ ویڈیو لنک اجلاس میں خیبر پختو نخو ا کی پروونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر زبیر، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عالمگیر، ڈاکٹر عبدالمنان، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر رضوان کنڈی، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اسفندیار بھٹانی، ڈاکٹر فیصل بارکزئی، ڈاکٹر عالمگیر یوسفزئی، ڈاکٹر رادار شاہ، کوثر نیاز اور مریم امبرین شریک تھے، اس موقع پر ہمایوں خان، فیصل کریم کنڈی، روبینہ خالد، ڈاکٹر نثارخان اور ڈاکٹر داد بھی موجود تھے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس کے شرکا سے بات کرتے ہوئے کہا کورونا کی وبا کے بعد دنیا بھر میں پرائیوٹ ہیلتھ کئیر سسٹم ناکام ہوگیا ہے، یہ وفاق کی ذمہ داری ہے کہ وہ کورونا وا ئرس کی ٹیسٹنگ کی گنجائش بڑھانے کیلئے صوبوں کی مدد کرے، اگر اسی طرح طبی عملہ آئیسولیشن میں جاتا رہا تو ہیلتھ سیکٹر پر منفی اثر پڑیگا، یہ فلاحی ریاست کا بیانیہ نہیں ہوسکتا عوام کی زندگیوں سے زیادہ اہم معیشت ہے، اس موقع پر پی پی پی چیئرمین نے ہدایت دیتے ہوئے کہا جتنا ممکن ہوسکے پی پی پی کی ریلیف کمیٹی خیبرپختونخوا کے ڈاکٹروں کو حفاظتی لباس پہنچائے، ویڈیو لنک اجلاس میں پیپلزپارٹی اور خیبرپختونخوا کی طبی تنظیموں کے نمائندگان کا مشترکہ قرارداد پر اتفاق بھی ہوا، قرار داد میں کہا گیا پی پی پی اور طبی عملہ خیبرپختونخوا میں مستقل وزیرصحت لگانے کا مطالبہ کرتے ہیں، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونیوالے طبی عملے کو شہدا پیکیج دیا جائے، قرارداد میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا خیبرپختونخوا میں پہلے دن سے عملی طور پر کوئی لاک ڈان نہیں ہوا، لاک ڈان میں نرمی کے بجائے اس کو مکمل نافذ کیا جا ئے، قر ا رداد میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا پی ٹی آئی حکومت کا کورونا وائرس کے بحران سے لڑنے کے بجائے ڈاکٹرز سے لڑنا تشویشناک ہے، خیبرپختونخوا میں ہیلتھ ٹاسک فورس کے سربراہ نوشیرواں برکی امریکہ میں بیٹھ کر اسکائپ سے صوبے کے نظام کو چلانے میں کامیاب نہیں ہوسکتے اور چونکہ نوشیرواں برکی خیبرپختونخوا میں صحت کے نظام کی تباہی کی بڑ ی وجہ ہیں، اسلئے انہیں فورا عہدے سے ہٹایا جائے، خیبر پختونخواہ میں فوری طور پر موجودہ نرسز کو مستقل کرتے ہوئے تین ہزار مزید نرسز کو ہائر اور صوبے کے پیرا میڈیکل سٹاف کی مستقل بنیادوں پر اسکریننگ کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے، قرار داد میں خیبرپختونخوا کے ڈاکٹروں کو سندھ کی طرز کا رسک الانس دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا، طبی عملے اور پیپلزپارٹی کی متفقہ قرارداد میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا میں ملک بھر میں سب سے کم ٹیسٹنگ اور سب سے زیادہ ہلاکتیں تشویشناک ہیں، کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی لیبارٹریوں میں مینوئل کے بجائے آٹومیٹک ٹیسٹنگ مشینوں کی فراہمی کیساتھ اس بات کا مطالبہ بھی کیا گیا کہ خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں کی نجکاری کا سلسلہ بند کیا جائے۔
بلاول بھٹو

مزید :

صفحہ اول -